تہران (خصوصی رپورٹ) علامہ اقبال کونسل اسلام آباد کے چیئر مین ذوالفقاراحمد چیمہ نے کہا ہے علامہ اقبال مسلمانوں کے درمیان ،رنگ ، نسل ،فِرقے اور علاقے کے اختلافات سے متنفرتھے اور وہ مسلمانوں کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی کے داعی تھے ، تہران میں 10 اسلامی ملکوں کی تنظیم ای سی او کے کلچرل انسٹیٹیوٹ کے تحت علامہ اقبال کے فلسفے پر ہونے والے عالمی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا اقبالؒ نے خودشناسی،خوداعتمادی اورخود داری کو خودی سے تعبیر کیا ہے ، انہوں نے امہ کو لاحق جن بیماریوں کی نشاندہی کی تھی، آج بھی امہ اُنہی بیماریوں میں مبتلا ہے ، آج بھی مسلمان پسماندگی ، احساسِ کمتری ، علم اورتحقیق سے دُوری اور باہمی جھگڑوں کا شکار ہیں ، اقبال ؒ نے مسلمانوں کو ذہنی پسماندگی اور احساسِ کمتری کی دلد ل سے نکالا تھا۔وہ اس بات کے خواہشمند تھے کہ مسلم نوجوان حصولِ علم اور سائنسی تحقیق پر توجہ دیں تاکہ پوری کائنات کو مسخّر کر سکیں، ذوالفقار چیمہ نے اقبال ؒ کے اردواور فارسی کے اشعارسناکر بتایا اقبالؒ نے مغربی تہذیب کی قباحتوں کو دلائل کے ساتھ بے نقاب کیا ، مسلمانوں کو علم اور تحقیق کی جانب راغب ہونے کی تلقین کی ۔ سیمینار میں ای سی آئی کے صدر ڈاکٹر مہدی مظاہری ، پاکستانی سفیر میڈم رفعت مسعود کے علاوہ کئی ممالک کے سفیروں ، صاحبانِ علم و دانش اور ماہر ین ِ تعلیم نے شرکت کی ۔