فیصل آباد(سٹی رپورٹر)چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت بننے والا پہلا ترجیحی سپیشل اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی پاکستان کی صنعتی ترقی کا ضامن ہے ، اس کی ڈویلپمنٹ کے لئے سی پیک اتھارٹی کی طرف سے فیڈمک کو مکمل سپورٹ فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے گزشتہ روز فیصل آباد میں علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی،فیڈمک کے ایم تھری انڈسٹریل سٹی، بزنس زون اور سائٹ آفس کا دورہ کیا۔ انہوں نے فیڈمک کے 600میگا واٹ بجلی کے میگا پراجیکٹ،ترسیلی نظام سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا اور اکنامک زونز میں سرمایہ کاروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی پر چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ چیئرمین فیڈمک نے چیئرمین سی پیک اتھارٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس اکنامک زون میں چینی سرمایہ کاروں کے لئے الگ بلاک مختص کیا گیا ہے ،فیڈمک میں خصوصی چائنیز ون ونڈو سیل کام کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں قلیل مدت کے دوران دس بڑی کمپنیاں صنعتیں لگا چکی ہیں۔