پشاور،جمرود ،لنڈی کوتل (نمائندگان 92نیوز) وفاقی وزیربرائے مذہبی امورڈاکٹرنورالحق قادری نے کہاہے کہ حکومت کی اولین ترجیح ملک کواسلامی فلاحی ریاست بناناہے ، تمام علماء اوردینی سکالرز مدرسوں کی بندش کے حوالے سے منفی پروپیگنڈے کا حصہ بننے سے گریز کریں۔ نیشنل اسلامک سکالرزکونسل کی آٹھویں اجلاس سے مقامی ہوٹل میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ علماء کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کوریاست مدینہ کی طرزپربنانے کیلئے اپنی تجاویزاورسفارشات پیش کریں، پیغام پاکستان کانفرنس کاانعقادعلماء کی بڑی کامیابی ہے ،پاکستان کوآزاد فلاحی ریاست بنانا پی ٹی آئی حکومت کی ترجیح ہے ،ریاست مدینہ کا مطلب لوگوں کوخوشحالی دینا ہے ، مفت حج کروانا نہیں ہے ،نورالحق قادری نے کہا کہ تمام علماء معاشرے میں اتحادویک جہتی اوربین المذاہب کی فضاء کوپروان چڑھانے میں اپناکرداراداکریں، معاشرے کی بہتری کے لئے ایک مضبوط تربیتی نظام لازمی ہے ،اس موقع پردینی سکالرز،علماء اورمشائخ نے متفقہ طورپرعزم دہرایاکہ وہ ملک میں قومی اورمقامی سطح پرامن،بھائی چارہ اوربین المذاہب،ہم آہنگی کے فروغ کیلئے کرداربڑھائیں گے ۔کانفرنس کے اختتام پرتمام دینی سکالرزاور علماء نے معاشرے میں امن، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اپنی تجاویز بھی پیش کیں جس کے مطابق کسی بھی کویہ حق نہیں کہ وہ دوسرے مذہب یافرقے کی دل آزاری کر ے ،اجلاس کے دوران تمام علمائاوردینی سکالرزنے مسلم امہ پراتحادویک جہتی کی فضاء قائم رکھنے پرزوردیتے ہوئے کہاکہ وہ اینٹی اسلامک سازشوں کی تدارک کیلئے مشترکہ طورپراپناکرداراداکریں،اس موقع پردینی سکالرزاور علماء نے وفاقی وزیر مذہبی امورکواپنے مسائل سے آگاہ کیااورمطالبہ کیاکہ ان کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔دریں اثناء خیبر سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام خیبر ٹیلنٹ ایوارڈ شو اینڈ کلچر نائٹ کا انعقاد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع میں قربانیوں کی بدولت امن قائم ہوا ، علاقائی امن کو خراب کرنے کو کسی کو موقع نہیں دینگے کیونکہ ہم محب وطن و پختون ہیں ملک کی بقاء وقار سالمیت کے لئے قبائلیوں نے بے شمار قربانیں دی ہیں، کچھ عرصہ بعد عمران خان کی جدوجہد پر عوام فخر محسوس کرینگے ۔