اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی)ملک بھر کے علمائے کرام و مشائخ عظام نے کورونا وائرس کی وبا سے تحفظ کی ویکسین کی اہمیت کو اجاگر کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔گزشتہ روزصدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کورونا ویکسین کی اہمیت کے حوالے سے اہم ترین مشاورتی نشست کا اہتمام کیا جس میں ملک بھر کے جید علمائکرام و مشائخ عظام، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے شرکت کی جبکہ گورنر بلوچستان، گورنر گلگت بلتستان کے علاوہ چاروں صوبوں کے علمائے کرام، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے علما نے بھی بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔صدر مملکت نے کہا کہ علماء ومشائخ گزشتہ 14 سو سال سے زیادہ عرصہ سے خدا اور اس کے رسول ﷺ کا پیغام عوام تک پہنچا رہے ہیں،اسلام کی بقا منبر و محراب سے منسلک ہے ، اہم سماجی اور معاشرتی مسائل وموضوعات پر عوام کی رہنمائی علماو مشائخ کا فرض ہے ، منبر و محراب سے اچھی باتوں کی تلقین کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سماجی مسائل پر علما و مشائخ کی معاونت اور مخصوص موضوعات پر خطبات کے بارے میں کہا گیا کہ حکومت ان پر کنٹرول چاہتی ہے حالانکہ ایسی کوئی بات نہیں ۔مشاورتی نشست کے بعدجاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ عوام کی جان اور صحت کی حفاظت مقاصد دین و شریعت میں سے ایک مقصد ہے ۔ کورونا ایک وبائی مرض ہے جس کی روک تھام اور علاج معالجہ کا اہتمام کرنا صرف شریعت کا تقاضا ہی نہیں بلکہ حکم بھی ہے ۔ اعلامیہ کے مطابق پاکستان میں اس وقت کورونا کی روک تھام کے لئے جو ویکسینز رجسٹر کی گئی ہیں ان کے اجزاء ترکیبی پر علماء و مشائخ نے اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ ویکسین لگوانے پر عوام کو ترغیب دلانے کے لئے علماء و مشائخ مساجد، امام بارگاہوں، خانقاہوں اور مدارس سے موثر اور مثبت آواز بلند کریں گے ۔ علماء کرام و مشائخ عظام نے پہلے بھی ویکسین لگوانے کی تلقین کی ہے اور آئندہ جمعہ 4 جون کو بھی ویکسین لگوانے کی خصوصی تلقین کریں گے اور اعلانات کا یہ سلسلہ آئندہ کے خطبات میں بھی جاری رکھیں گے ۔