کراچی(سٹاف رپورٹر،صباح نیوز) وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے پلاسٹک بیگز اور بوتلوں کا استعمال ترک کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کراچی میں صفائی مہم کا آغاز کردیا، علی زیدی نے صوبائی حکومت کو دو ہفتوں میں کراچی کے 6 اضلاع سے کچرا صاف کرنے کا چیلنج دے رکھا ہے ۔مہم کی تھیم ’’اب ہوگا صاف کراچی‘‘ رکھی گئی ہے جس کے پہلے مرحلے میں 14 اگست تک شہر کے 32 بڑے نالے صاف کیے جائیں گے اور بند نالوں کو کھولا جائے گا ۔اس کے بعد شہر سے کچرا اٹھایا جائے گا، سڑکوں اور اہم شاہراہوں پر موجود گندگی کو صاف کیا جائے گا۔صفائی مہم کا آغاز کرنے کے لیے کے پی ٹی ہیڈ آفس میں منعقدہ تقریب سے خطاب اورٹویٹر بیان میں انہوں نے کہاسندھ حکومت کو صفائی مہم پر ہونے والے خرچ کا اندازہ نہیں، ایف ڈبلیو او اس کام کی نگرانی کرے گی جس میں منافع کا دخل نہیں ہے ،لانڈھی کے صنعتکاروں نے علاقہ صاف کرنے کی پیشکش کی ہے ، سندھ حکومت کو تو پلاسٹک بیگز پر پابندی لگانی چاہیے کیونکہ سمندر میں جا کر یہ تباہی مچاتے ہیں، شہریوں کی حمایت اور شرکت کے بغیر یہ کام ممکن نہیں لہذا اس مہم میں سب تعاون کریں۔علی زیدی کے خطاب کے دوران بدنظمی بھی دیکھی گئی، علی زیدی نے شور کرنے والوں کو تقریب سے نکالنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شورشرابہ کرنے والے شہر کی صفائی کے لیے نہیں آئے ۔علی زیدی نے کہامئیر وسیم اختر نے پوچھا کہ کراچی کا پیسہ کہاں جاتا ہے ، کراچی کا پیسہ دبئی جاتا ہے ۔