لاہور (نیٹ نیوز) پاکستان سپر لیگ شائقین کی پی ایس ایل ترانوں پر مسلسل تنقید کے باعث علی ظفر نے اپنے پی ایس ایل سیزن ٹو کے ترانے ’’ سیٹی بجے گی‘‘ کو منحوس ہی قرار دے دیا، اس ترانے نے شائقین کو اتنا متاثر کیا اس کے بعد آنے والے سیزن 3، 4 اور 5 کے ترانے شائقین کی توجہ کھینچنے میں ناکام رہے ، پی ایس ایل کے 3، 4 اور 5 سیزن کے ترانوں نے شائقین کو اتنا مایوس کیا کہ وہ ہر سال ہی سوشل میڈیا پر میمز اور پوسٹ کے ذریعے گلوکار سے درخواست کرتے ہیں کہ پی ایس ایل ترانہ آپ ہی پیش کریں، پانچویں ایڈیشن کا ترانہ ’تیار ہیں‘ پر گلوکار علی عظمت، عاصم اظہر، ہارون اور عارف لوہار نے پرفارم کیا جس پر شائقین نے دوبارہ سخت نا پسندیدگی کا اظہار کیا، علی ظفر نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ویڈیو پیغام شیئر کیا اگر آپ کی زندگی میں کوئی بھی مسئلہ چل رہا ہے یعنی کوئی ازدواجی مسئلہ یا کوئی سماجی مسئلہ، اگر کاروبار نہیں چل رہا، گانا نہیں چل رہا یا ایونٹ نہیں چلا تو اس کے ذمہ دار آپ نہیں میں ہوں۔ میں اس لیے ذمہ دار ہوں کیونکہ میں اتنا طاقتور ہوں کے میرے پے رول پر بلاگرز ہیں، کیمبرج اینلیٹیکا کیا ہے ، ٹرمپ کیا ہے بلکہ اسے الیکٹ کس نے کرایا، آپ کے بھائی نے ، تو اس لیے اپنے کمرے میں ایک بورڈ لگائیں اس پر میری تصویر لگائیں اور روزانہ صبح اٹھ کر ٹھا ٹھا کرکے ماریں تاکہ دل ہلکا ہو غصہ کم ہوگا، بلکہ آپ اگر چاہتے ہیں کہ میں خود آکر وہاں کھڑا ہوجاؤں تو اس کے لیے بھی بھائی حاضر ہے ، تو اس امید کے ساتھ۔ ویڈیو میں علی ظفر جیسے ہی امید کا اظہار کرنے جاتے ہیں ’سیٹی بجے گی‘ ترانہ لگ جاتا ہے جس پر وہ اکتاہٹ سے کہتے ہیں کہ یہ گانا بند کردو خدا کے واسطے ۔ گانا بند کردیا جاتا ہے جس پر وہ خود کہتے ہیں کہ شکریہ!منحوس گانا پھر لگا دیتے آپ لوگ بار بار۔