کراچی(کلچرل رپورٹر) علیزے پروڈکشنز کے بینر تلے بننے والی پہلی فلم ’’سچ ‘‘ کا ٹائٹل گانا ریلیز کردیا گیا ہے جسے پاکستان کے مایہ ناز گلوکار استاد راحت فتح علی خان نے اپنی مسحور کن آواز میں گایا ہے ۔یہ بنیادی طور پر المیہ گانا ہے جس میں فلم کے مرکزی کرداروں کی غم و رنج اور اندرونی خلفشار کو بہترین انداز میں پیش کیا گیا ہے ۔اس گانے کی شاعرہ فاطمہ نجیب ہیں جب کہ اس فلم کے تمام گانے میوزک ڈائریکٹر سیماب سین کے تخلیق کردہ ہیں۔اس گانے کی دل کو چھولینے والی شاعری اور راحت فتح علی خان کی پرسوز آواز سننے والوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیتی ہے ۔ یہ گانا فلم کی کہانی اور کرداروں کے آپسی رنجش کا بہترین عکاس ہے ۔ اس گانے میں فلم کے کرداروں کی جاندار اداکاری کی وجہ سے دیکھنے والے ان کے جذبات کو محسوس کرسکتے ہیں۔علیزے پروڈکشنز کے بینر تلے بننے والی اس فلم کی کہانی ایوارڈ یافتہ بالی وڈ اسکرین رائٹر کمڈ چوہدری کی ہے جبکہ ہدایات کاری ذوالفقار شیخ کی ہے ۔ اس فلم کے مکالمے معروف پاکستانی ڈارامہ نگار حسینہ معین کے ہیں جبکہ فلم کے نمایاں کرداروں میں علیزے شیخ ‘ اسد زمان خان‘ ہمایوں اشرف ‘ جاوید شیخ‘ نعمان مسعود‘ عظمی گیلانی‘ فضیلہ قاضی‘ ذوالفقار شیخ‘ تسمینہ شیخ اور دیگر شامل ہیں۔یہ فلم ہم فلمز کے بینر تلے 20دسمبر کو پوری دنیا میں بیک وقت نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔