لاہور(میاں ر ؤف)مالی سال 2020-21کی تیاری آخری مراحل میں داخل ہوگئی۔پنجاب پولیس کے ذمہ داروں سے صوبہ بھر میں زیر تعمیر عمارتوں کوآئندہ مالی سال کے دوران مکمل کرنے کے لئے متوقع طور پر درکارفنڈزکی تفصیلات طلب کر لیں۔با وثوق ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے رواں مالی سال 2019-20 کے دوران کورونا وباء کے اثرات کا شکار ہو کرنا مکمل رہنے والے ترقیاتی پراجیکٹس کی تفصیلات ترجیحی بنیادوں پر ارسال کر نے کیلئے لاہور سمیت صوبہ بھر کے آر پی اوز، ڈی پی اور و دیگر ذمہ داروں کو ہدایت کی جس میں یہ بات واضح کی جائے کہ رواں مالی سال کے دوران وہ کون کون سے منصوبے ہیں جن پر 10، 20اور 30فی صد فنڈز خرچ ہوئے جبکہ وہ منصوبے کون سے ہیں جن پر رواں برس کام شروع ہونا تھا مگر کورونا کے سبب فنڈز واپس لئے جانے سے منصوبے شروع نہیں کئے جا سکے ۔ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب نے پولیس فورس کے ذمہ داروں کوہدایت کی ہے کہ وہ ڈویژنل، ضلعی اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز کی سطح تک تھانوں سمیت دیگر ایسی عمارتوں کی نشاندہی کریں، جو تاحال فنڈز کی عدم دستیابی کے سبب پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکیں جبکہ اس ضمن میں عمارتوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے کتنے فنڈز درکار ہیں، اس کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔