وہاڑی،لاہور،اسلام آباد( ڈسٹرکٹ رپورٹر؍نامہ نگار،سٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں ) مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے ہم ملک کوبچائیں گے اورعمران نیازی کوکوٹ لکھپت جیل میں بھجوائیں گے ،پاکستان دشمنوں نے فنڈنگ کرکے ملک دشمن عمران نیازی کو ملک وقوم پر مسلط کردیا۔وہاڑی میں ورکرز کنونشن،ماڈل ٹائون سیکرٹریٹ میں بلدیاتی نمائندوں اور خواتین ونگ کے اجلاس سے خطاب اور میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاپاکستان کو ترقی کی راہ پرلے جانے والوں کو یا تو پھانسی پر چڑھا دیاجاتاہے یا پھرجیلوں میں ڈال دیاجاتاہے ،1971 میں ووٹ کوعزت نہیں دی گئی تومشرقی پاکستان ہم سے علیحدہ ہوکربنگلہ دیش بن گیا،ملک میں الیکشن کانظام جب تک ٹھیک نہیں ہوگااس وقت تک دھاندلی کاراستہ نہیں روکاجاسکتا،سابقہ الیکشن میں عوام نے ووٹ مسلم لیگ کو دیئے لیکن کامیاب سلیکٹڈ کوقراردے دیاگیا، سی پیک کورول بیک کردیاگیا جس کی وجہ سے ملکی ترقی کاپہیہ روک دیاگیا۔ پنجاب سے مسلم لیگ ن کو ووٹ دینے کا بدلہ تحریک انصاف عوام سے لے رہی ہے ،حکومت نام کی چیز پنجاب میں نظر نہیں آرہی، سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بلدیاتی نمائندوں کو بحال کریں۔تہمینہ دولتانہ نے کہا مشکلات کے باوجود نوازشریف ثابت قدم ہے ، جج کو توہٹا دیا گیا کہ وہ غلط تھا لیکن اس کے فیصلوں کو درست قراردے دیا گیا، یہ کہاں کاانصاف ہے ؟۔ جاوید ہاشمی نے کہا مسلم لیگی سلیکٹڈ وزیراعظم کونہیں مانتے ۔ایک بیان میں مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے نئے ارکان سے حلف نہ لینے کے چیف الیکشن کمشنر کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاہے الیکشن کمیشن میں غیرآئینی طورپر ارکان کی تقرری کی کوشش کے پیچھے مجرمانہ مقاصد ہیں۔عمران صاحب ایسے اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے آپ فارن فنڈنگ کیس میں جواب سے بچنا چاہتے ہیں،عمران صاحب کی اٹھارہ جعلی اکاؤنٹس سے خود کو بچانے کی سازش بے نقاب ہوگئی، سلیکٹڈ کو ہر جگہ سلیکٹڈ چاہئیں تاکہ خود کو ہر معاملے میں کلین چٹ دلاسکے ، چیف الیکشن کمشنر کا فیصلہ آئین کے مطابق اور خوش آئند ہے ۔