لاہور(خصوصی نمائندہ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے لاہور ڈویژن اورساہیوال ڈویژن کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے مشترکہ ملاقات کی،90شاہراہ قائداعظم پر ہونے والی ملاقات تقریباً5گھنٹے جاری رہی جس میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کواپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا،اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے جاری ترقیاتی منصوبوں، فلاح عامہ کے کاموں اورنئی سکیموں کے بارے میں تجاویز دیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے لاہور میں اپریل تک 100نئے سکولز کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ اڑھائی لاکھ آؤٹ آف سکول بچوں کو ان سکولوں میں داخلہ دیں گے ،لاہور کے بعد اس پروگرام کا دائرہ کار پنجاب کے دیگرڈویژن تک بڑھایا جائے گا،لاہورشہر کیلئے اربوں روپے کی لاگت سے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے پاکپتن میں غلہ منڈی کے قیام میں تاخیر پر سخت برہمی کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ جنہوں نے تاخیری حربے استعمال کیے انہیں نتائج بھگتنا ہوں گے ،محکمہ زراعت کے متعلقہ ونگ کے بارے میں پہلے بھی شکایات موصول ہوئی ہیں،سرکاری احکامات کو زیر التوا ڈالنے والوں کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے منشیات کامکروہ دھندا کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کاحکم دیتے ہوئے کہاکہ پولیس منشیات کی خریدو فروخت کرنے والے عناصر کی سختی سے سر کوبی کرے ،انہوں نے کہا کہ ساہیوال اور چیچہ وطنی کو موٹر وے سے منسلک کرنے کا جائزہ لیا جائے گا،وزیراعلیٰ نے عوامی شکایات پر اوکاڑہ کے ہسپتال کے ایم ایس کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سے وزیراعلیٰ آفس میں تاجکستان کے سفیر عصمت اﷲ نصرالدین نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پرتبادلہ خیال کیا گیا۔دریں اثناوزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ بھارت کے دو جنگی طیارے گرانے کا سال مکمل ہونے پر ’’سرپرائز ڈے ‘‘ پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ حکومت پاکستان 27 فروری کوتاریخی دن کے طور پر منا رہی ہے اورہم پاک فضائیہ کے شاہینوں کی شجاعت اور بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، وزیراعلیٰ نے سفاری پارک میں شیروں کے حملے میں نوجوان کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پردکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے افسوسناک واقعہ کے بارے میں کمشنر لاہور ڈویژن اور صوبائی سیکرٹری وائلڈلائف سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔ادھر وزیراعلیٰ نے کوٹ لکھپت میں مدرسہ کی دیوار گرنے سے جانی ضیاع پر افسوس کا اظہارکیا۔