اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ ترقی کیلئے صنعت وحرفت کوہر ممکن آسانی فراہم کرنا ضروری ہے ،عثمان بزدارہی وزیراعلی پنجاب رہیں گے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعظم آفس میں مختلف اجلاسو ں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے ترجمانوں کے اجلاس میں عثمان بزدارکی کارکردگی پر اظہاراطمینان کرتے ہوئے کہا کہ معلوم ہے کون کہاں صوبے کاسربراہ بننے کیلئے درخواستیں لے کرجارہاہے ۔وزیراعظم سے وزیراعلیٰ پنجاب نے ملاقا ت کی ۔وزیر اعظم نے عثمان بزدار کو ہدایت کی کہ مہنگائی میں کمی لائی جائے اور پولیس نظام میں اصلاحات کو تیز کیا جائے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ پولیس حراست میں ہلاکتوں کی روک تھام کی جائے ۔وزیراعظم آفس میں کاروباری طبقے خصوصا چھوٹے اور درمیانے طبقے کے صنعتکاروں اور مزدوروں کے حقوق کا تحفظ کرنے کے سلسلے میں اعلیٰ سطحی اجلاس میں مشیر تجارت، وزیرِ اعلیٰ پنجاب ، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، چئیرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی، وزیرِ صنعت پنجاب میاں محمد اسلم اقبال، وزیرِ برائے لیبر انصر مجید خان ودیگر شریک تھے ۔ وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ لیبر اور مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لئے جہاں صنعتی یونٹس کا اندراج کرنا ضروری ہے وہاں اندراج شدہ یونٹس کے لئے آسانیاں پیدا کرنا ضروری ہے تاکہ صنعتی عمل کسی تعطل کا شکار نہ ہو۔ اجلاس میں صوبہ پنجاب میں صنعتوں کے لئے انسپکٹر لیس رجیم (Inspector Less Regime) پر اصولی اتفاق کیاگیا۔ معاشی ٹیم کے اجلاس میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کا فروغ، زراعت کی ترقی، اور تعمیرات کے شعبے کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس سے نہ صرف معاشی عمل تیز ہوگا بلکہ ملک میں روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے ۔ اجلاس میں "احساس پروگرام"پر پیش رفت اور معیشت کی ترقی کے لئے مختلف وزارتوں کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیاگیا۔گورنر سٹیٹ بنک رضاباقر نے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیرِ اعظم نے کنسٹرکشن کے شعبے میں فکس ٹیکس کے نفاذ اور اسے صنعت کا درجہ دینے کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے متعلقہ محکموں سے رپورٹ طلب کرلی۔وزیرِ اعظم سے ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کے شعبے سے تعلق رکھنے والے معروف کاروباری شخصیات کے وفد نے ملاقات کی ہے ۔ شعبے کی ترقی و فروغ میں حائل مشکلات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔وزیرِ اعظم نے وفد کو یقین دلایا کہ شعبے کی ترقی کے لئے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔