لاہور(سٹاف رپورٹر،نمائندہ خصوصی سے )ملک کے تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ، مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین نے شام میں حضرت عمر بن عبد العزیز ؒ کی قبر اور جسم پاک کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے موثر احتجاج کرنے اور اسلامی تعاون تنظیم سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتہا پسنددہشت گرد تکفیری گروہوں نے مسلمانوں کے مقدسات کو نشانہ بنانا شروع کر رکھا ہے ۔پاکستان علماء کونسل اور دیگر مذہبی جماعتوں کی اپیل پر ملک بھر میں یوم سیدنا عمر بن عبد العزیزؒ منایا گیا، پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی سمیت دیگر نے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتہا پسند اور دہشت گرد گروہ اسلام کے نام پر مسلمانوں کے مقدسات پر حملہ آور ہیں۔بادشاہی مسجد لاہور کے خطیب وامام اور مجلس علماء پاکستان کے چیئر مین مولاناسید عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ دین اسلام قبروں کی بے حرمتی کی اجازت نہیں دیتا۔ جے یو آئی کے مرکزی راہنماء مولانا محمد امجد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت اس واقعہ پر باقاعدہ احتجاج کرے اور اسلامی سربراہی کانفرنس کے ذریعے ایسے واقعات کے سدباب کے لیئے اسلامی دنیا میں قانون سازی کرے ۔ سنی تحریک کے مرکزی رہنما محمد شاداب رضا نقشبندی سمیت دیگر نے جمعۃالمبارک کے مختلف اجتماعات خطاب سے کرتے ہوئے کہاکہ او آئی سی ملک شام میں عمر بن عبد العزیز کے مزار کو شہید کرنے کا فوری نوٹس لے ۔کراچی میں مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق سکندر،کوئٹہ میں مولانا صلاح الدین,سکھر میں مولانا عبدالرشید اورملک بھر کی دیگر مساجد کے ائمہ و خطباء نے جمعہ اجتماعات سے خطاب کے دوران سیدنا عمر بن عبدالعزیز رحمہ اﷲ کے کردار و خدمات پر روشنی ڈالی-مولانا عزیز الرحمن ثانی، مبلغ ختم نبوت مولانا عبدالنعیم، مولانا علیم الدین شاکر، پیررضوان نفیس، مولانا حافظ محمداشرف گجر، مولانا جمیل الرحمن اختر، مولانا خالد محمود، مولانا محبوب الحسن طاہر، قاری محمداقبال نے خطبات جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے اﷲ کے ولی کے مزار کی بے حرمتی سخت گناہ او ر اﷲ کے عذاب کو دعوت دینا ہے ۔