لاہور،بنوں (سٹاف رپورٹر،صباح نیوز ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی نظریاتی ، معاشی اور جغرافیائی شہ رگ ہے ، کرفیو کے خاتمے کے بعد کشمیر میں قتل عام کا خطرہ ہے ، عمران کشمیریوں ، ڈاکٹر عافیہ کیلئے آواز بلند کریں، واپسی پر ڈاکٹر عافیہ کو پاکستان لائیں یہ پوری قوم کا مطالبہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنوں میں جنوبی اضلاع کے اراکین کے اجتماع سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ اسلامی ، مغربی دنیا کی طرف سے کرفیو کے خاتمے کیلئے کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا ،کشمیر میں عوام کیلئے سانس لینا مشکل ہوگیا ہے ، ایک بہت بڑا انسانی المیہ لاکھوں لوگوں کو گھیرے میں لے چکا ہے مگر عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ جب تک پاکستان خود کشمیر کے مسئلے پر سنجید ہ نہیں ہوتا بیرونی دنیا اس مسئلہ کو سنجید ہ نہیں لے گی ،حکمران مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مکمل غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، حکمرانوں نے قومی وحدت کو پارہ پارہ کر کے ہندوستان کیلئے ماحول سازگار بنایا ،ٹرمپ کی ثالثی پر اعتماد نہیں ہے ، وزیر اعظم نے کہا ہے کہ جو کشمیر جائے وہ غدار ہوگا، عمران خان صاحب وزیر اعظم سے مفتی اعظم نہ بنیں ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی 5 اگست سے کشمیر کیلئے احتجاج کررہی ہے باقی تمام جماعتیں خاموش ہیں ۔