لاہور(رانا محمدعظیم)وزیراعظم عمران خان کا دورہ امریکہ کو متنازعہ بنانے اور اس دورے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کرنے کیلئے حسین حقانی اور پاکستان کی5اپوزیشن جماعتوں کے اہم رہنما متحرک ہوگئے ۔ امریکہ کے دورے کے حوالے سے چند روز سے سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈیمیں بھی ان کے ملوث ہونے کے حوالے سے اہم اداروں کو ثبوت مل گئے ہیں ۔باوثوق ذرائع کا کہنا ہے عمران خان کے دورہ امریکہ کو متنازعہ اور ناکام بنانے کے حوالے سے پیپلز پارٹی،ن لیگ و دیگر تین اپوزیشن جماعتوں کے اہم رہنما متحرک ہوچکے ہیں ۔ اس حوالے سے حسین حقانی کو نہ صرف ذمہ داری دی گئی بلکہ منصوبہ بند ی کے تحت ایک ایسا گھناؤنا کھیل بھی کھیلا جارہا ہے کہ ایک طرف وزیر اعظم امریکہ کے دورے پر ہوں اور دوسری طرف پاکستان کے اندر سوشل میڈیا کے ذریعے جھوٹا پروپیگنڈا کر کے مذہبی فساد برپا کرنے کی بھی کوشش کی جارہی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے اس وقت پاکستان کی تین اپوزیشن جماعتوں کے رہنما امریکہ میں پہنچ چکے ہیں اور ان کا اصل مقصد اس دورے کو متنازعہ بنانا ہے ۔ذرائع کے مطابق نواز شریف کے انتہائی قریبی 5دوست بھی اس حوالے سے انتہائی متحرک ہیں اور امریکہ میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں جبکہ دوسری طرف انڈین میڈیا اور انڈین لابی بھی اس دورے کا ناکام اور متنازعہ بنانے کیلئے بھر پورکردار ادا کر رہی ہے ۔ ذرائع نے اس بات کا بھی انکشاف کیا ہے کہ بھارتی میڈیا سے تعلق رکھنے والی کئی اہم شخصیات حسین حقانی سمیت پاکستان کی سیاسی جماعت کے رہنما ؤں سے بھی ملے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق اس ضمن میں اچھی خاصی فنڈنگ بھی کی گئی ہے اور مریم نواز کی لاہور میں اس دورے کے حوالے سے اداروں کو اپنی گفتگو میں نشانہ بنانے کے پیچھے بھی یہی منصوبہ بندی کار فرماہے ۔ ذرائع نے انکشاف کیا کہ پنجاب کی ایک اہم شخصیت کا بیٹا بھی اس میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور حسین حقانی کی پلاننگ میں وہ بھی شامل ہے ۔ ذرائع نے اس بات کا بھی انکشاف کیا ہے کہ غیر ملکی بھارتی صحافی اور اپوزیشن جماعتوں کے رہنما کوشش کر رہے ہیں کہ اس دورے کے موقع پر کوئی احتجاج کرا کر ایسا ماحول پید ا کیا جائے کہ اس کے ذریعے سخت پروپیگنڈاہو سکے ۔دوسری طرف اس دورے کو کامیاب بنانے کیلئے حکومت اور اہم ادارے نہ صرف پر امید ہیں بلکہ حسین حقانی اور دیگر مافیا کے اوچھے اور گھناؤنے منصوبے کو ناکام بنانے میں بھی اہم کردار اد ا کر رہے ہیں۔