تخت بھائی(نمائندہ 92 نیوز ) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے کہاہے کہ آرٹیکل6 لگانے والے اپنا شوق پورا کرلیں،ہم ڈرنے والے نہیں،عمران خان کی حکومت کا خاتمہ قریب ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ آئے روز ادھر ادھر کی باتیں کر تے ہیں،دینی مدارس کے طلبا پرامن شہری ہیں ان پر الزامات لگانے والوں کو اپنے گریبانوں میں جھانکنا چاہئے ۔ جمعیت علماء اسلام کے ضلعی امیر مولانا محمد قاسم کی زیرقیادت ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہاکہ دینی مدارس کے خلاف سازشیں کی جارہی ہیں لیکن علماء کرام ان سازشوں کو ہر صورت میں ناکام بنائیں گے ،انہوں نے کہاکہ کرتار پور آنے جانے والوں کیلئے ویزہ اور دیگر مراعات مفت ہیں لیکن مدینہ کی ریاست میں حج کو مزید مہنگا کر دیا گیا ہے ، مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ،ہم روز اول سے سلیکٹیڈ حکومت کے خلاف ہیں اور آخر دم تک اس کے خلاف لڑیں گے ،انہوں نے کہاکہ پی ٹی وی،سپریم کورٹ اور پارلیمنٹ پر حملہ کیس میں ملوث حکمرانوں پر آرٹیکل 6 لگنا چاہئے وہ کھلے عام پھر رہے ہیں،انہوں نے کہاکہ جمعیت علماء اسلام کے کارکن تیار ہیں بہت جلد حکومت کے خلاف ملک بھر میں احتجاج شروع کیا جائے گا ۔