لاہور (نامہ نگار) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کہتے ہیں وزیراعظم کہیں نہیں جارہے کیونکہ سکیورٹی ادارے انکے ساتھ کھڑے ہیں، مولانا فضل الرحمان پر آرٹیکل 6 لگانے کے حامی نہیں ہوں ۔لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف سے متعلق کہا کہ شہبازشریف کو پیغام دیا ہے کہ لندن میں مزے کریں، وہ میری پارٹی کے ہیں، وہ آ ئیں گے تو گڈی گڈی کھیلیں گے ، ان کا مارچ میں آنے کا ارادہ ہے ۔ایک سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف آنہیں رہے اور مریم نواز جا نہیں رہیں۔حکومت جانے سے متعلق سوال پر وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کوئی تحریک نہیں چلائی گی ۔ ترک صدر کادورہ کامیاب رہا ہے ، ترکی کے ساتھ 13مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط ہوئے جن میں سب سے اہم ریلوے ہے ۔وہ اس لیے کہ ہم ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی کی طرف جارہے ہیں جو کہ ریلوے کی تاریخ میں بہت بڑا انقلاب ہو گا، ترکی کے ساتھ معاہدے کے تحت ہم اپنی کوچز یہاں بنا سکیں گے ، 24فروری کو لاہور۔گوجرانوالہ ۔لاہور کے درمیان شٹل ٹرین سروس شروع کی جائے گی، کرایہ 100روپے ہو گا ۔ KCRکے حوالے سے سپریم کورٹ نے ہمیں 3ماہ کا ٹائم دیاہے اس میں بہت سی رکاوٹیں ہیں اس لیے ہم کراچی جا رہے ہیں ۔ KCRکے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ سے مل کر اس کا کوئی حل نکالیں گے ، ایم ایل ون کے حوالے سے میں قوم کو مبارک باد دیتا ہوں اس کی تاریخیں پلاننگ منسٹری نے پیش کر دی ہیں۔ سپریم کورٹ نے ہمیں حکم دیا ہے کہ ہم اپنی حالت بہتر کرنے کے لئے کراچی کی جائیدادیں فروخت کر سکتے ہیں ،کراچی میں حیات ایجنسی کی بلڈنگ ہی ریلوے کا خسارہ ختم کر دے گی، چین میں کرونا وائرس کی وجہ سے پاکستان کی انڈسٹری بھی بند ہو رہی ہے اور اس کا ریلوے پر بھی اثر پڑ رہا ہے ۔ بعدازاں وفاقی وزیر نے لاہور کینٹ ریلوے اسٹیشن کا14فروری سے 16تک جاری رہنے والے سپرنگ فیسٹیول کا افتتاح کیا ، سٹالز اورسٹیم انجن کے ساتھ رکھے ماڈل کیفے ٹیریا کا وزٹ بھی کیا ۔