لاہور(خصوصی نمائندہ) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کورونا سے بچنا ہے تو طرز زندگی کو بدلناہوگا، سماجی طور طریقوں میں تبدیلی لاکر کورونا سے محفوظ رہا جا سکتاہے ، لوگوں کو گھروں سے باہر نکلتے ہوئے منہ اور ناک کو ڈھانپنا ہوگا،اس طرح ہم نہ صرف خود محفوظ رہ سکتے بلکہ اپنے خاندان کو بھی بیماری سے بچا سکتے ہیں۔ مشکل وقت میں لندن کی فضاؤں کی سیر کرنے والوں کو قوم جان چکی ہے ،یہ عناصر ہمیشہ عوام کو تنہاچھوڑ کر باہر گئے ۔وزیر اعظم عمران خان 22 کروڑ عوام کیلئے امید کی کرن ہیں،پراپیگنڈہ کرنے والے جان لیں عوام کی خدمت خالی نعروں یا دعوؤں سے نہیں ہوتی، اپوزیشن جماعتیں انسداد کورونا نہیں بلکہ کرپشن بچانے کاایجنڈا لے کر چل رہی ہیں، کورونا جیسے اہم ترین قومی مسئلے پر سیاست کر کے اپوزیشن رہنماؤں نے ثابت کیا کہ ان کے سینے میں دل نہیں، یہ وقت سیاست چھوڑ کر دکھی انسانیت کے ساتھ کھڑا ہونے کا ہے ۔ اپوزیشن کی حسرتیں نہ پہلے پوری ہوئیں، نہ آئندہ ہوں گی۔انہوں نے کہا کورونا سے بچاؤ کیلئے مستقل بنیادوں پر کام کر رہے ہیں، صحت مند زندگی کیلئے احتیاط بے حد ضروری ہے ، عوام سے اپیل کرتا ہوں حفاظتی اقدامات کو یقینی بنا کر کورونا سے محفوظ رہیں۔انہوں نے وسط جون اورجولائی میں ٹڈی دل کے ممکنہ حملے کے حوالے سے پیشگی انتظامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہامحکمہ زراعت اور پی ڈی ایم اے صورتحال پر لمحہ بہ لمحہ نظر رکھیں،ٹڈی دل سے فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں،ٹڈی دل پر کنٹرول کیلئے ہرممکن اقدام کیا جا رہا ہے ،فصلوں کو بچانے کیلئے ایک ارب روپے کے فنڈز جاری کئے ہیں جبکہ فضائی سپرے کے ساتھ گاڑیوں کے ذریعے بھی فصلوں کو بچانے کیلئے سپرے جاری ہے ۔ والدین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا ہمارا ہردن والدین سے محبت اور عظمت سے معمور ہے ۔ والدین کی خدمت و ا حترام سے ہی د نیا و آخرت میں کامیابی ملتی ہے ۔والدین سچے جذبے اور صادق رشتے کا نام ہے ،جس کا کوئی نعم البدل نہیں،اپنے والدین کی بہترین تعلیم و تربیت کی بنا پرآج میں اس مقام پر ہوں۔میرے والد مرحوم نے میری بہترین تعلیم و تربیت پر بھر پور توجہ دی اور میری والدہ صاحبہ نے بھی ہر موقع پر میری رہنمائی کی ، والدین کے سامنے شفقت اور انکساری سے جھکے رہنا عزت کی بلندیوں تک پہنچا دیتا ہے ۔وزیراعلیٰ نے سیالکوٹ موٹروے پر مسافر وین الٹنے اور خانیوال کے نواحی پل رانگو پر بس حادثے سے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیااور حادثے کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی۔انہوں نے اینکرپرسن ڈاکٹر نبیہہ علی خان کے شوہر کے انتقال پر بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔