نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک، نیٹ نیوز )ٹائم میگزین نے ’متاثر کن افراد 2019‘ کی فہرست میں وزیر اعظم عمران خان کا نام بھی شامل کرلیا۔ نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، پوپ فرانسس،چینی صدر شی جن پنگ، ابو ظہبی کے ولی عہد زید النہیان، ملیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد اور اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نتن یاہوبھی فہرست میں شامل ہیں۔میگزین نے عمران خان کے بارے میں لکھا کہ انہوں نے 1992 کا ورلڈ کپ جیتنے کے بعد ورلڈ کلاس کینسر ہسپتال بنایا اور پھر ایسی یونیورسٹی تعمیر کی جس کے بارے میں تصور ہی کیا جاسکتا تھا جس کے بعد انہوں نے پاکستانی سیاست کے ڈرٹی بزنس میں قدم رکھا۔ عمران اب ایک ایسی قوم کے وزیر اعظم ہیں جو اپنے بل ادا کرنے کیلئے اپنے امیر ہمسایوں چین اور خلیجی ممالک کی طرف دیکھتی ہے ۔ ناقدین انہیں پاک آرمی، دائیں بازو کے افراد کے انتہائی قریب سمجھتے ہیں اور کہتے ہیں وہ اپنے مشیر چننے میں احتیاط سے کام نہیں لیتے ۔ میگزین نے مزید لکھا کہ وہ ایک ایسی شخصیت ہیں جن سے پاکستانی نوجوانوں نے اپنی تمام امیدیں وابستہ کی ہوئی ہیں۔ پاکستان کے پیرو جواں یہ سمجھتے ہیں کہ عمران خان ہی وہ شخصیت ہیں جو جنوبی ایشیا میں جاری مستقل کشیدگی کا خاتمہ کرکے امن قائم کرسکتے ہیں۔