اسلام آباد(لیڈی رپورٹر) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ ملکی دولت کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والے آج شرمندہ ہونے کے بجائے حکومت پر تنقید کررہے ہیں،وزیر اعظم عمران خان ملک کو بہتری کی طرف لے کرجارہے ہیں، اپوزیشن بلین ٹری سونامی پر سیاست نہ کرے ،یہ ملک اور نئی نسل کو محفوظ بنانے کا منصوبہ ہے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا 70سال سے ملک میں لوٹ مارکرنے والے چند ماہ کی حکومت سے حساب مانگ رہے ہیں۔ میں انہیں بتادینا چاہتی ہوں وزیر اعظم عمران خان ملک کو بہتری کی طرف لے کرجارہے ہیں اور قوم کو مایوس نہیں کریں گے ۔ عبادت سمجھ کر کلین اینڈ گرین پاکستان مہم پر کام کر رہے ہیں یہ ہمارے ملک اور قوم کے مستقبل کو محفوظ کرنے سوال ہے ۔ آئندہ مارگلہ کے جنگلات پر آگ نہیں لگے گی۔ اس حوالے سے ٹاسک فورس کے قیام پر کام جاری ہے ۔ ماضی میں مافیا اپنے مذموم مقاصد کیلئے جنگلات میں آگ لگا دیتے تھے ۔ سابق وزیر اعلی خیبر پختونخوااکرم درانی منصوبے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ ان کے کچھ عزیزواقارب کرپشن میں ملوث پائے گئے ہیں اور ان کیخلاف تحقیقات جاری ہیں ۔ وہ بلیک میلنگ کرنے کیلئے کچھ اداروں کو بلین ٹری سونامی کے حوالے سے غلط معلومات فراہم کر رہے ہیں۔