سوات( نیٹ نیوز) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی پالیسیوں میں کوئی اختلافات نہیں ، یہ صرف اقتدار کے گھوڑے پر سوار ہونے اور دودھ کی بوتل کے لیے لڑ رہے ہیں ۔ پی ڈی ایم کا مقصد عوام کے مسائل کا حل نہیں ، بلکہ چند خاندانوں کی سیاست کو زندہ رکھناہے ۔ لوگوں کو مافیاز ، سرمایہ داروں ، جاگیرداروں اور ٹھیکیداروں کی سیاست سے کچھ نہیں ملے گا ۔ عوام تعلیم ، صحت ، روزگار اور انصاف چاہتے ہیں تو انہیں نظام مصطفے ٰ کے نفاذ کے لیے جماعت اسلامی کے دست و بازو بننا ہوگا ۔ان خیا لات کا اظہار انہوں نے گراسی گراؤنڈ سوات میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ جب تک انتخابی نظام شفاف اور غیر جانبدار نہیں ہوتا ، عوام کا انتخابی نظام پر اعتماد بحال نہیں ہوگا ،جماعت اسلامی کی مہنگائی بے روزگاری کے خلاف تحریک کامیابی سے ہمکنار ہو کر رہے گی ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت نے آٹھ سو دنوں میں آٹھ سو جھوٹ بولے اور اپنا کوئی ایک وعدہ پورا نہیں کیا ، آج کراچی سے چترال تک پورے ملک کے عوام پریشان ہیں مگر حکمران ٹس سے مس نہیں ہوتے اور ڈھٹائی کی تمام حدیں پار کر گئے ،عمران خان کے لیے مزید حکمران رہنا جائز نہیں ،عمران خان نے جھوٹ کو یوٹرن کا نام دیدیا ،چھوٹے لوگ بڑی کرسیوں پر بیٹھ گئے ہیں جنہیں عوام کی پریشانیوں سے کوئی سروکار نہیں وہ چند دن موج میلہ کرنے آئے ہیں مگر اس کھیل تماشے میں ملک تباہ ہورہاہے ،اس حکومت کی بزدلی کی وجہ سے کشمیر پر بھارت کو اپنا قبضہ مضبوط کرنے کا موقع ملا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سونامی ملک و قوم کے لیے عذاب بن کر آئی ہے ۔