لاہور(سپورٹس رپورٹر) سابق ٹیسٹ فاسٹ باؤلر سرفراز نواز نے کہا ہے کہ عمران خان نہ بطور چیف پیٹرن کرکٹ کو درست انداز سے چلا رہے ہیں اور نہ ہی بطور وزیر اعظم ملک کو کامیابی سے لیڈ کر رہے ہیں۔ گزشتہ روز لندن سے بات کرتے ہوئے سرفرازنواز نے کہا کہ عمران خان شروع سے ہی سے اپنی مرضی تھونپنے کی عادت اور بطور کپتان بھی وہ مشاورت پر یقین نہیں رکھتے تھے اوراب وزیر اعظم بننے کے بعد بھی ان کی جانب سے سینئر کرکٹرز اور پی سی بی سے کسی مشاورت کے بغیر ہی اداروں کی ٹیمیں ختم کرنے کا فیصلہ صادر کر دیا جو کسی بھی طور کرکٹ کے لئے مناسب نہیں۔ اس سے سینکڑوں کرکٹرز بے روزگار ہو گئے ۔وزیراعظم عمران خان کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں مہنگائی زوروں پر ہے ، سفید پوشی برقرار رکھنا ناممکن ہوتا جا رہا ہے ۔