اسلام آباد،لاہور (این این آئی،سٹاف رپورٹر،صباح نیوز) مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے مذاکرات سے پہلے عمران خان 2014 کے دھرنے پہ قوم اور نواز شریف سے معافی مانگیں، احتجاج عوام کا آئینی، قانونی اور جمہوری حق ہے ، خود دھرنے دینے والے کیسے اعتراض کر سکتے ہیں؟، پی ٹی وی، سپریم کورٹ اور پارلیمنٹ پر چڑھائی کرنے والے کس منہ سے آج درس دے رہے ہیں؟۔حکومتی مذاکراتی ٹیم کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا وزیر اعظم گالیاں نکالے اور وزراء مذاکرات کا جھانسہ دیں ،یہ ممکن نہیں۔ نااہل اور نالائق حکومت قومی، دفاعی، خارجی سلامتی و بقاء کا مسئلہ بن چکی ہے ، اسے جانا ہوگا ۔ مفتی یو ٹرن فضائل دھرنا اور استعفیٰ پر اپنے فتاوی کا مطالعہ کریں۔حکومتی مذاکرات کی پیشکش بغل میں چھری، منہ پہ رام رام کے مترادف ہے ۔126 دن کے دھرنے میں سکول بند رہے ، چینی صدر کا دورہ نہ ہوسکا، اب بچوں کی تعلیم کا خیال آ رہا ہے ؟۔سول نافرمانی، ہنڈی، منتخب وزیراعظم کو گلے سے گھسیٹ لاؤ کے نعرے آج بھی لوگوں کے ذہن میں محفوظ ہیں۔ شہبازشریف اور مولانا فضل الرحمن ہی نہیں پورا پاکستان آپ کو نااہل اور ناکام کہہ رہا ہے ۔ عوام، اپوزیشن ، تاجر، مزدور، طلبہ اور میڈیا سب باہر نکلیں گے ۔مریم اورنگزیب نے کہا عمران خان آپ کے گھبرانے کا وقت آ گیا کیونکہ قوم نے آپ کی نالائقی اور نااہلی کا نوٹس لے لیا۔وزیر اعظم کے مہنگائی کا نوٹس لینے کے ردِ عمل میں انہوں نے کہاعمران خان کی اپنی نالائقی، نااہلی، معاشی پلان اور وژن کی عدم موجودگی مہنگائی و معاشی تباہی کی اصل وجوہات ہیں۔ مہنگائی پر نوٹس لینے کے بجائے سلیکٹڈ، نالائق اور نااہل وزیر اعظم استعفی دیں۔مسلم لیگ (ن) کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری عطاء اﷲ تارڑنے وزیر مملکت شہریار آفریدی کو چیلنج کیا ہے کہ وہ راناثناء اﷲ سے برآمدگی کی گئی ویڈیو سامنے لائیں۔وزیر مملکت کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا شہریار آفریدی صاحب عدالت آج بھی آپ کے ثبوت کا انتظار کررہی ہے ،میڈیا پر قوم کو لیکچر دینے کی بجائے عدالت کو ثبوت دیں۔