نیویارک( ندیم منظور سلہری سے ) پاکستان اور افغانستان کیلئے سابق امریکی خصوصی نمائندے رچرڈ اولسن کا کہنا ہے کہ عمران ٹرمپ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان عمومی طور پر بہتری کی علامت ہے ۔ ایک سال پہلے اس ملاقات کے بارے میں سوچنا بہت مشکل تھا اور جو بات پہلے سے مختلف ہے وہ واشنگٹن میں یہ احساس ہے کہ پاکستان نے افغانستان میں قیام امن اور مصالحت کیلئے بہت مثبت کردار ادا کیا ہے ۔ اب دونوں ممالک کے درمیان اس مسئلہ پر کسی حد تک اتفاق ہو گیا ہے جس کے باعث دیگر امور پر بھی گفتگو ہو سکتی ہے ۔یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ دونوں رہنما ایک دوسرے کو کس طرح متاثر کرتے ہیں، دونوں میں کچھ قدریں ایک جیسی ہیں، دونوں دائیں بازو کی سیاست سے جُڑے ہوئے ہیں۔دونوں مشہور شخصیات ہیں اور دونوں کی زندگیاں خاصی دلچسپ اور رنگین رہیں۔ اس وقت دونوں ممالک کیلئے ضروری ہے کہ وہ باہمی تعلقات کو بہتر بنائیں۔اگر تعلقات کو پارٹنرشپ کی بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے جس کا مقصد مشترکہ اہداف حاصل کرنا ہو تو یہ نہایت مثبت قدم ہو گا ۔