لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما شوکت بسرا نے کہا ہے عمران خان ٹریپ ہوئے نہ ہی ہماری حکومت ناکام ہوئی ہے ۔ اگرمیں ملک احمد کی بات تسلیم کرلوں تو تیس ہزار ارب کا قرضہ بھی لگتا ہے دونوں پارٹیوں نے نہیں بلکہ پی ٹی آئی نے لیا تھا۔پروگرام جواب چاہئے میں میزبان ڈاکٹردانش سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا1200 ارب روپے کا قرضہ ہمیں وراثت میں ملا، عوام کی بنیادی ضروریات کی کمی کو پورا کرنا ہماری ترجیح ہے ، سارے مسائل کی جڑ سابقہ حکومتیں ہیں جنہوں نے ملک کابیڑا غرق کیا۔میں مانتا ہوں عمران خان نااہل ہے کیونکہ اسے چوری کرنی نہیں آتی، لندن میں فلیٹ نہیں خریدتا،اس نے کرپشن نہیں کرنی اورنہ کرنے دینی ہے ،چیئرمین نیب کو ایسا نہیں کرنا چاہئے ، شریف فیملی والے پیسے واپس کرنا چاہتے تھے لیکن انکا مطالبہ تھا کہ ان سے رسید نہ لی جائے ، اعلان نہ کریں ،ان کے درمیان ڈیل ملک ریاض کے ذریعے ہورہی تھی۔سینئر تجزیہ کار حفیظ اﷲ نیازی نے کہا حکومت کو سابق حکومتوں پر الزام تراشی کے بیانات سے باہرنکلناہوگا،عمران خان کے پاس حکومت چلانے کا تجربہ نہیں، چیئرمین نیب نے خود جاوید چودھری کو ملاقات کیلئے بلایا جس کا اظہار وہ کئی ٹی وی چینلز پر کرچکے ہیں، اگر انہوں نے غلط لکھا ہے تو چیئرمین نیب کو انہیں نوٹس دینا چاہئے تھا۔عمران خان ڈاکے نہیں ماریں گے لیکن انہوں نے ڈاکورینٹ پر لئے ہیں۔مسلم لیگ ن کے رہنما ملک محمد احمد خان نے کہاہمارے دور میں معیشت مستحکم ہوئی تھی جبکہ تحریک انصاف معیشت کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوگئی۔ معیشت مزید خسارے میں جائے گی۔ چیئرمین نیب کی طرف سے انٹرویو کے بارے میں تردید کی کوئی ویلیو نہیں، اگر جاوید چودھری نے غلط کالم لکھاہے توانہیں وہ نوٹس جاری کرتے ، چیئرمین نیب نے جو ہماری قیادت پر الزامات لگائے ہیں ہم ان کے خلاف کورٹ میں جائیں گے ،میں اگر عمران خان کو کسی چیز کا مجرم سمجھتاہوں کہ وہ سیاست میں غلاظت بھرنے کا جرم ہے ۔