اسلام آباد،لاہور(آن لائن،سٹاف رپورٹر)مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب! گیسٹ ہائوس کھولنے سے قبل عوام کو 2 وقت کی روٹی دیں،عوام مہنگائی اور بے روز گاری سے پریشان ہیں، ان کی چیخیں نکل گئی ہیں۔ گیسٹ ہائوس کھولنے سے مسائل حل نہیں ہونگے ، عوام کو بے وقوف بنانا چھوڑ دیں ،عوام کو آمرانہ سوچ سے آزاد کریں۔گزشتہ روز مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کے نتھیا گلی اور دیگر ریسٹ ہائوسز کو عوام کیلئے کھولنے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے مزید کہا کہ عمران صاحب ! ملک کو نو آبادیاتی کی عبرت نا ک مثال بنا دیا گیا،نتھیا گلی کا سرکاری ریسٹ ہائوس کھولنے میں آپ کو 6سال لگ گئے ،اس ڈرامے سے ترقی کی شرح 3فیصد سے زیادہ نہیں ہو گی ،ایک سال کے دوران حکومتی اخراجات میں 1100ارب کا اضافہ ہوا۔عمران صاحب! ٹیکس دینے والوں کے دکھ کا ڈرامہ نہ کریں ۔ٹیکس دہندگان کے ایک کھر ب روپے میٹرو پشاور کے کھڈوں پر ضائع ہو چکے ،گیسٹ ہائوسز کھولنے سے روزگار نہیں ملے گا۔علاوہ ازیں ن لیگ پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے پنے بیان میں کہا کہ حکمران نواز شریف کی فکر کرنا چھوڑیں عوام کے حال پر رحم کھائیں۔ایک سال میں دو سو فیصد تک مہنگائی ناکام معاشی پالیسی کا نتیجہ ہے ، پاکستان جنوبی ایشیاء میں معاشی لحاظ سے آٹھویں پوزیشن پر آگیا ہے ۔پچاس حکومتی ترجمان اپنی ہر نالائقی ن لیگ کے کھاتے میں ڈالنا چاہتے ہیں۔ پاکستان کی سٹاک مارکیٹ تاریخ کی کم ترین سطح پر آگئی ہے ۔تحریک انصاف کے دماغ قراردے جانے والے اسد عمر آج تلاش گمشدہ ہو گئے ہیں ۔چند ماہ قبل اسد عمر ارسطو بننے کی کوششوں میں لگے تھے لیکن آج وہی صاحب معیشت کا بیڑہ غرق کرکے غائب ہو گئے ۔کرائے کے لوگ دنیا بھر سے منگواکر ملک کو چلانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔اسحاق ڈار پر مصنوعی طریقے سے ڈالر کو کنٹرول کرنے کا الزام لگایا گیا ہے لیکن اس وقت معیشت مستحکم ہو رہی تھی لیکن آج سب کچھ الٹ ہو رہا ہے ۔کچھ لوگ سازش کے تحت پاکستان کو معاشی لحاظ سے کمزور ترین ملک بنانے کی کوششوں میں مصروف عمل ہے ،وہ وقت دور نہیں جب ان لوگوں کا گریبان اور عوام کا ہاتھ ہو گا۔