اسلام آباد ،لندن (لیڈی رپورٹر ،نیٹ نیوز)برطانیہ کی انتظامیہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کیس سے متعلق ثبوت پاکستان کو فراہم کرنے پر رضا مند ہوگئی۔اس حوالے سے پاکستانی حکومت کے وکیل ٹوبی کیڈمین نے ڈان کو بتایا کہ انہوں نے اس کیس سے متعلق دستاویز اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرا دیں، ان دستاویز میں ثبوت کے انڈکس سمیت برطانوی حکومت کا ایک خط بھی شامل ہے ، جس میں وہ اصل فراہم کرنے پر راضی ہوئے ہیں۔ساتھ ہی انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ ایم کیو ایم کے رہنما کے قتل کی تحقیقات سے متعلق ثبوت فراہم کرنے کے لیے پاکستان نے باہمی قانونی معاونت (ایم ایل اے ) کیلئے درخواست کی تھی۔ٹوبی کیڈمین نے کہا کہ وہ منظوری کا خط، ثبوت فراہم کرنے اور کیس کی سماعت کے لیے پاکستان میں ہیں۔