صوابی،پشاور ( نمائندہ 92نیوز،خبر نگار،مانیٹرنگ ڈیسک)سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے عمران خان نے صدر پاکستان ،سپیکر قومی اسمبلی سمیت اہم عہدے د ینے کی پیشکش کی تھی، ساتھیوں کی مشاورت سے سپیکر شپ کوترجیح دی ، سی پیک میں ہمارے صوبے کے حق پر سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ، لوڈشیڈنگاور کم وولٹیج کے خاتمے کیلئے واپڈا کو 50ارب روپے درکار ہیں۔ اپنے گاؤں مرغز میں جلسہ عام سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے کہا فاٹا کے مسائل تر جیحی بنیادوں پر حل کرینگے ،ہمار ی اولین ترجیح اور ایجنڈا روزگارہے ،عوام کو سعودی عرب اور متحدہ امارات میں محنت مزدوری کرنے سے چھٹکارا دلائینگے ،پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا،قانون کی حکمرانی اور میرٹ کی بالادستی قائم کرینگے ،صوابی میں گھر گھر گیس پہنچا ئیں گے ، واپڈا میں گیارہ ہزار خالی سامیاں ہیں ، وزارت دفاع ، مذہبی امور اور سپیکرشپ کے بعد اب بڑی اوراہم وزارتیں خیبر پختونخو ا آرہی ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی پیسکو اور واپڈا میں فرق سے لاعلم نکلے اور واپڈا کو 70ارب کی ادائیگی سے لوڈشیڈنگ خاتمے کا بھی دعو یٰ کردیا،انہیں یہ بھی نہیں معلوم کہ لوڈشیڈنگ میں کمی یا اضافے کی ذمہ دار پیسکو ہے واپڈا نہیں ۔مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق اسد قیصر نے کہاعمران خان نے مجھے کہا ایسا عہدہ دوں گا کہ میرے بعد بھی لوگ نام لیں گے ۔