اسلام آباد ،لاہور (خصوصی نیوز رپورٹر، سٹاف رپورٹر، 92نیوزرپورٹ، این این آئی ) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نادان سیاستدانوں نے اپنی کرپشن پر بہنوں اور بیٹیوں کو ڈھال بنایا،عمران نے طاقتور شخصیات کو قانون کے تابع کردیا،اپوزیشن کو بھی چاہیے کہ نئے پاکستان کی تعمیر کیلئے آگے بڑھیں۔ بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ قانون کی نظر میں مرد اور عورت کی تمیز نہیں ہوتی، خاتون کرپشن کرے تو قانون اسے چھوڑنے کی اجازت نہیں دیتا۔ حکومت نے کسی خاتون کا تقدس پامال نہیں کیا بلکہ عدالتی حکم پر فریال تالپور کو گھر میں قید کیا گیا، خاتون کرپشن کرے تو قانون اسے چھوڑنے کی اجازت نہیں دیتا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان سٹیٹس کو توڑنے کیلئے کام کر رہے اور اس میں کامیاب ہورہے ہیں۔ حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں لیکن ادارے پاکستان کے ہیں ، حکومت جانے کی پروا نہیں،عمران خان ملک کو گلے سڑے نظام سے نکالنا چاہتے ہیں اور اس نظام سے نجات دلاکر رہیں گے ،فریال تالپورکی گرفتاری کے بعد نیب کی وضاحت کو حکومت کے کھاتے میں نہ ڈالاجائے ۔ پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن آئینی مسائل کو سیاسی مسائل میں نہ گھیسٹے ، ہم سب کو مل بیٹھ کر ملکی قوانین میں بہتری لانا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبے میں ایک جماعت کی حکومت ہے جو اچھے کاموں کی تکمیل کیلئے آپس میں تعاون کرتے ہیں۔ اپوزیشن کو بھی چاہیے کہ مل کر نئے پاکستان کی تعمیر کیلئے آگے بڑھیں۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب حکومت پنجاب اور پی ٹی آئی کے کارکنا ن کو مبارکباد دینے آئی ہوں ،فنانس سسٹم تخت لاہور کا غلام بنا تھا سو ارب روپے خسارے کا بجٹ تھا اس وقت مشکل ترین حالات کے باوجود پنجاب حکومت ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے ۔انہوں نے کہا کہ وکلا تنظیمیں عدالتی معاملات کو اپوزیشن جماعتوں کی سیاسی اکھاڑے کی نذر نہیں کرنا چاہئے ۔ بنچ اور بار کے خلا کو کم کرنے کی کوشش کریں گے ،آئیں مل کر بیٹھ کر نئے پاکستان کی تعمیر کریں ۔انہوں نے کہاکہ محسن داوڑ اورعلی وزیردہشت گردی کیسز کے تحت عدالتوں میں مقدمات کا سامنا کررہے ہیں ۔ جمعہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ جج صاحبان کے متعلق ریفرنس آئینی معاملہ ہے جسے سپریم جوڈیشل کونسل میں بیٹھے معزز جج صاحبان نے دیکھنا ہے ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ملک میں عدلیہ کی آزادی اور قانون کی حکمرانی کی جدوجہد کا ہمیشہ سے ہراول دستہ ہے اور رہے گی۔معاون خصوصی نے ملک بھر کی وکلائبرادری سے اپیل کی کہ وہ اپنی بصیرت اور صلاحیتیں نظامِ عدل کے استحکام کے لئے حکومت کے اصلاحات کے ایجنڈے کا ساتھ دینے کے لئے بروئے کار لائیں۔