لاہور، فیصل آباد ،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، سٹی رپورٹر، سپیشل رپورٹر ،92نیوزرپورٹ، نیوزایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) نے کہا ہے وزیر اعظم عمران خان نے قوم کیساتھ دھوکہ کیا ، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پاکستان کیخلاف چارج شیٹ ہے ۔ پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی رہنمائوں کیساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے (ن) لیگ کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا آج ریاست مدینہ نہیں بلکہ ریاست عمرانیہ ہے ، آپکے پاس زیادہ وقت نہیں ،قوم آپ سے 23 مارچ کو استعفیٰ لے گی، ٹرانسپیرنسی نے عمران خان کے چہرے سے صادق و امین کا میک اپ اتار دیا،عمران نیازی نے پاکستان کو کرپشن کا بھی ورلڈچمپئن بنا دیا ۔ادھر صدرن لیگ اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کسانوں کی حالت قابل رحم ہے ، حکومت غائب ہے ،کسان کی مدد نہ ہوئی تو زرعی اجناس اور پیداوار کی قلت کی صورت پورا ملک خمیازہ بھگتے گا۔سیکرٹری اطلاعات ن لیگ مریم اورنگزیب نے کہا پنجاب میں کھادبحران کے ذمہ دار عمران صاحب ہیں ، کبھی آٹا، کبھی گندم، کبھی دوائی، کبھی ایل این جی اور اب کھاد کا بحران ہے ، عمران مافیا ایک ہی انداز میں ہر بار ڈاکہ ڈالتا ہے ۔ ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اﷲ نے میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے الزام عائد کیا وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے بھائی لنگرخانوں سے بھی کمیشن لے رہے ہیں ۔ یوریا کیلئے کسان خوار ہورہا ہے ، نالائق اورنااہل ٹولے نے ملک کو بدترین صورتحال سے دوچار کر دیا ہے ۔