کراچی (سٹاف رپورٹر،92نیوزرپورٹ)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں گندم کے بحران پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہاہے کہ عمران خان کی حکومت نے گندم پیدا کرنے والے ملک کو گندم درآمدکرنے والا ملک بنادیا ہے ،وفاقی حکومت نے 40 ہزار میٹرک ٹن گندم افغانستان بھیج کر آٹے کا بحران دانستہ پیداکیاہے ۔ بلاول بھٹو نے کہاکہ حکومت کے گودام آٹے سے بھرے ہوئے ہیں مگر عام آدمی کو سپلائی نہیں دی جارہی ہے عمران خان نے اپنے مخصوص دوستوں کو نوازنے کے لئے آٹے کا بحران پیدا کیا،پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت گندم کے بحران کی مکمل ذمہ دار ہے ،عمران خان کے نوٹس لینے سے کام نہیں چلے گا، سلیکٹڈ وزیراعظم بری طرح ناکام ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں آٹے کے بحران نے سنگین مسائل پیدا کردیے اور عمران خان دعوے کرنے سے باز نہیں آرہے ،خیبرپختونخوا کو آٹے کی سپلائی 5 دنوں سے بند ہے اور صوبے کے وزیر عوام کو فائن آٹا نہ کھانے کے مشورے دے رہے ہیں،عمران خان کی حکومت کا اپنے گوداموں سے سندھ کو آٹے کی فراہمی روکنا بڑی ناانصافی ہے ،کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک بھر میں عوام آٹے کے حصول کے لئے قطاروں میں کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایک ہفتے میں دوسری بار آٹا مہنگا ہوا، یہ حکومت کی مکمل ناکامی ہے ،گیس اور بجلی مہنگا کرنے سے بنیادی ضروریات کی تمام اشیاعام آدمی کی پہنچ سے باہر ہورہی ہیں،ملک میں آج تاریخ کی مہنگی ترین قیمتوں پر آٹا فروخت ہورہا ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں ہے ۔