لاہور، شیخوپورہ، پاکپتن، ساہیوال ، چیچہ وطنی، اوگی ، راولپنڈی ( کرائم رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر ز، نمائندہ 92 نیوز، نامہ نگار ، نامہ نگار خصوصی ) پاکپتن کے علاقے قبولہ کے قریب نامعلوم ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے ریٹائرڈ فوجی اور اسکے بیٹے کو قتل اور 2 بچوں کو زخمی کردیا۔ ورثا نے قبولہ روڈ بلاک کرکے شدیداحتجاج کیا، نامعلوم ڈاکوؤں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ عارفوالہ روڈ پر قبولہ کے قریب دو نامعلوم ڈاکونجی کمپنی کی گاڑی کوروک کرلوٹ مارکررہے تھے قریبی شہریوں نے بچانے کی کوشش کی تو ڈاکووں نے شہریوں پر فائرنگ کر دی ریٹائرڈ فوجی ریاض اوربیٹا غضنفر جاں بحق ہوگئے ، دوبچے شدیدزخمی ہوگئے جنھیں تشو یشنا ک حالت کے باعث تحصیل ہسپتال عارفوالا شفٹ کردیاگیا ، شہری سراپااحتجاج سڑکوں پرنکل آئے ، مظاہرین نے قبولہ روڈ کو ٹریفک کیلئے بلاک کردیا اورپولیس کیخلاف شدیدنعرہ بازی کی ، پولیس نے موٹر سائیکل قبضہ میں لیکرضروری کارروائی شروع کردی ہے ۔ ڈی پی او اسماعیل الرحمن کھاڑک نے ڈاکوؤں کی جلد گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دیدی۔ لاہور کی نشتر کالونی میں آوارہ دوستوں سے ملنے سے روکنے پر بگڑے بیٹے نے باپ پر فائرنگ کرا دی، والد کا دوست جاں بحق اور باپ شدید زخمی ہوگیا۔ ملزمان فرار ہو گئے ۔نوید اپنے بیٹے حمزہ کو آوارہ دوستوں کے ساتھ پھرنے سے منع کرتا تھا جس پر اکثر جھگڑا بھی ہوا ، گزشتہ روز حمزہ دوستوں کفیل اور ربیع کو ملنے عمار بلاک نشتر کالونی گیا ، جہاں ملزمان نے فون کر کے حمزہ کے والد نوید کو بلایا، نوید اپنے دوست عرفان کے ہمراہ عمار بلاک پہنچا تو حمزہ نے باپ کو برا بھلا کہا ، اس کی ایما پر دوستوں نے نوید اور عرفان پر فائرنگ کردی جس کی زد میں آکر عرفان جاں بحق اور نوید زخمی ہوگیا۔ تینوں ملزم فرار ہوگئے ، مقدمہ درج کرلیا گیا۔ شیخوپورہ میں لاہور روڈ کی آبادی سکیم نمبر3کوٹ عبدالمالک میں لین دین کے تنازع پر نوجوان خالد نے شہری رمضان علی کوڈنڈے کے وار کرکے قتل کردیا اورفرار ہوگیا ، مقدمہ درج کرلیاگیا۔ ساہیوال میں نواحی گاؤں 61 ایل فائیو میں جناز گاہ میں غسل خانوں کی تعمیر کے معاملہ پر جھگڑے کی رنجش پر صبح صادق اور 4 ساتھیوں نے اصغر علی کے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے اصغر کی چچی گلزار بی بی کو قتل اور مقتولہ کے شوہر سلطان، کزن مزمل ظہور، مظہر کو زخمی کردیا، ظہور کی حالت نازک ہے ۔ چیچہ وطنی کے نواحی گاؤں 175 ایل نائن میں 3 بھائیوں سفیان، عدنان اور عمران نے پسند کی شادی پر بہن مسرت کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا، بہنوئی سلطان زخمی ہوگیا۔ تورغرکے علاقے ڈوبامیں معمولی تکرارپر2خواتین سمیت4افراد کوقتل جبکہ 3کو شدیدزخمی کردیاگیا۔گزشتہ روزگائوں ڈوبامیں ایک شخص کوچھت پربیٹھنے سے منع کرنے پر ذاکرداداورسیدرحمٰن میں تکرارہوگئی ،ذاکرداداورسیدرحمٰن مسجدمیں پھرآمنے سامنے آگئے اورچھریوں ،چاقوئوں سے ایک دوسرے پرحملہ آورہوگئے سیدرحمٰن اورزبیرجاں بحق ہوگئے ،بعدمیں فریقین نے ایک دوسرے کے گھروں پر فائرنگ کی خاتون صاحب زرہ ،روبینہ بھی دم توڑگئیں ، تاج مین ،بخت مین سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے ۔ راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں طالبہ اور نوجوان کو قتل کر دیا گیا ۔ڈھوک علی اکبرمیں اکیڈمی کیلئے جانے والی 17سالہ سکینڈ ائیر کی طالبہ منال طاہر کی رات گئے زیرتعمیر مکان کی تیسری منزل سے نعش برآمد ہوئی جس کے پاس پستول بھی پڑاہواتھا اورسرمیں گولی کا نشان تھا۔منال نے متعددبار والدین اور ماموںکو اپنے خالوکے حوالے سے شکایت کی تھی کہ وہ اس پر بری نظررکھتاہے ۔ تھانہ روات کی حدود میں 22 سالہ عادل 2روز قبل گھر سے لاپتہ ہوا اس کی تشدد زدہ لاش بنگیال روڈ سے ملی ۔