فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی، 92نیوزرپورٹ ) فیصل آباد میں گلوکار جواداحمد کووزیراعظم عمران خان پرتنقیدمہنگی پڑگئی اورپی ٹی آئی کے کارکنوں نے سٹیج پر پہنچ کر جواداحمد سے مائیک چھین لیا اور پیچھے ہٹا دیا ۔والینٹرفورس پاکستان کی طرف سے فیصل آباد آرٹس کونسل ہال میں تقریب کا انعقادکیاگیا جس میں ریجنل پولیس آفیسر غلام محمودڈوگر، ریذیڈنٹ ڈائریکٹر آرٹس کونسل صوفیہ بیدار اور دیگر سرکاری شخصیات کے علاوہ پی ٹی آئی کے رہنما رانازاہدمحمود بھی خاص مہمان کے طور پر موجودتھے ۔ تقریب میں منتظمین کی طرف سے گلوکارجواداحمد کوبھی مدعو کیاگیاتھا اپنی تقریر کے دوران جواداحمدنے حکومتی پالیسیوں پرتنقید کرتے ہوئے وزیراعظم پرتنقید شروع کی توہال میں موجود پی ٹی آئی کے کارکنوں اور پی ٹی آئی رہنما رانازاہد محمود نے اس پر اعتراض کیا مگر جواداحمد نے اپنی تنقید جاری رکھی جس پر کارکن سٹیج پر پہنچ گئے اور گلوکارجواداحمدسے مائیک چھین لیا اور منتظمین کی بھی خوب کلاس لی۔تقریب میں بدنظمی کے باعث آرپی او سمیت کئی مہمان اور شرکا اٹھ کر چلے گئے اور گلوکار جواد احمد کو بھی اپنی تقریر ادھوری چھوڑتے ہوئے شرکا سے معذرت کرنا پڑی۔ پی ٹی آئی کارکنان نے جواد احمد کیخلاف اور وزیراعظم کے حق میں نعرے بھی لگائے جبکہ گلوکارجواداحمد نے کہا کہ تقریب میں لوگوں کے مسائل سے متعلق بات کررہاتھا،حکومت پر تنقید کی توپی ٹی آئی کے کارکنوں نے نعرے بازی شروع کردی۔