نئی دہلی (نیٹ نیوز )بھارتی وزیراعظم نریندری مودی نے وزیراعظم عمران خان کے بی جے پی کی جیت کے حوالے سے بیان پر کہا ہے کہ سابق کرکٹر نے اپنی ریورس سوئنگ سے بھارتانتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی ہے ۔ بھارتی اخبار کے مطابق ایک انٹرویو میں بھارتی وزیراعظم نریندری مودی نے کہا کہ پاکستانی انتخابات کے دوران عمران خان نے انہیں ٹارگٹ کرتے ہوئے ایک نعرے کا سہارا لیاتھا ۔ ان کا نعرہ تھا مودی کا جو یار ہے غدار ہے ، غدار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ عمران خان ایک سابق کرکٹر ہیں اور ان کا حالیہ ریورس سوئنگ بیان بھارتی انتخابات پر اثرانداز ہونے کی کوشش تھی۔ تاہم بھارتی عوام ریورس سوئنگ پر ہیلی کاپٹر شاٹ لگانا جانتے ہیں۔اپنے انٹرویو میں انہوں نے ایک بار پھر اپوزیشن جماعت کانگریس کو آڑے ہاتھوں لیا۔ واضح رہے عمران خان نے کہا تھا کہ اگر بی جے پی الیکشن جیت جاتی ہے تو پاک بھارت امن مذاکرات کیلئے بہتر موقع ہوگا۔ علاوہ ازیں گجرات میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے کہا پہلے پاکستان ہمیں ڈراتا تھا کہ ہمارے پاس ایٹم بم ہیں اور ہم بٹن دبا دیں گے ، اب میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ہمارے پاس دوگنا ایٹمی صلاحیت ہے ، میں نے پاکستان سے کہا کہ تم جو کرنا چاہتے ہو کر لو، پہلے پاکستان دھمکی دیتا تھا تو بھارت دنیا کے سامنے احتجاج کرتا تھا لیکن اب پاکستان احتجاج کیا کریگا۔