میانوالی، راولپنڈی،پشاور،لاہور، سرگودھا، پشاور ، نیویارک (آ ن لائن، سٹاف رپورٹر، بیورو رپورٹ )چیئرمین تحریک انصاف نے جب بطور وزیراعظم پاکستان حلف اٹھا یا تو ان کے آبائی علاقے میانوالی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں جشن کا سماں پیدا ہوگیا ، مٹھائیاں تقسیم کی گئیں ،راولپنڈی میں ریڑھی بان نے مفت ناشتہ تقسیم کیا ، عمران خان کی حلف برداری کی خوشی میں راولپنڈی کے راجا بازار میں ایک ریڑھی بان نے ناشتہ کرنے آئے گاہکوں سے کوئی رقم وصول نہیں کی، ریڑھی بان نے کہا مجھے عمران خان کے وزیراعظم منتخب ہونے کی بے حد خوشی تھی ، عمران خان کے وزیر اعظم منتخب ہونے اور حلف لینے کی خوشی میں آج میں نے تمام گاہکوں کو مفت ناشتہ کرایا ، اس کے علاوہ پشاور ، لاہور، اسلام آباد، کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے جشن منایا گیا اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں ، کارکنوں نے نئے پاکستان ، وزیراعظم عمران خان ، پاکستان زندہ باد ، وزیراعظم عمران خان زندہ باد کے نعرے لگائے ، سرگودھا میں کارکنوں نے بھنگڑے ڈالے ۔ وزیراعظم کے طور پر عمران خان کے حلف اٹھانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف امریکہ کے رہنماؤں نے نیوجرسی اور نیویارک میں " جشن شکریہ پاکستان" منایا ، اس موقع پر ایک بڑا کیک ھی کاٹا گیا ، امریکہ میں عمران خان کے دست راست ندیم یوسف ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں کہا عمران خان کی قیادت میں اب پاکستان چوروں، لیٹروں اور سیاسی سوداگروں سے پاک ہو گا، عمران خان کی جرات مندانہ قیادت سے پاکستان کا عالمی دنیا میں امیج بہتر ہو گا، عرفان سلیم بٹ کا کہنا تھا پاکستانی کمیونٹی اور عمران خان کے جیالے اب بینکوں کے ذریعے پاکستان میں رقوم بھیجیں گے تاکہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہو سکے ، یہ بھی اعلان کیا گیا تحریک انصاف کے تمام ورکر اپنے اپنے علاقوں کے کانگریس مینوں اور سینیٹروں سے ملاقاتیں کر کے پاک امریکہ تعلقات کو بہتر بنانے کے لیئے کوششیں کرینگے ، نیویارک میں تحریک انصاف کے بانی کارکن نسیم خان علزئی نے بھی جشن شکریہ پاکستان کا اہتمام کیا ، دریں اثنا پشاور میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے وزیر اعظم بننے کی خوشی میں ہوائی فائر نگ کے دوران غلطی سے نوجوان جاں بحق ہو گیا، تھانہ فقیر آباد پولیس کے مطابق عینی شائدین نے بتایا گزشتہ روز وہ رینٹ اے کار آفس واقع فقیر آباد میں بیٹھے تھے ، اس دوران قومی اسمبلی میں ووٹنگ کے نتائج کااعلان ہوا تحسین اﷲ نے خوشی میں ہو ائی فائرنگ کرنے کی کوشش کی اورپستول لوڈ کر نے لگا تاہم گولی غلطی سے ممتاز سکنہ مومن ٹائون کو لگ گئی ۔ مٹھائیاں تقسیم