واشنگٹن (نیٹ نیوز)وزیراعظم عمران خان کا پسندیدہ ترکش ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی سے متاثر ہو کر میکسیکن جوڑے نے اسلام قبول کر لیا۔ترک میڈیا کے مطابق سیلال ال جنہوں نے اس مقبول ترین ڈرامہ میں عبدالرحمٰن کا کردار ادا کیا تھا، حال ہی میں انہوں نے 22 ویں سالانہ مسلم امریکن سوسائٹی کی تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر اداکار سیلال ال نے ترکی اور اس ڈرامہ کے حوالے سے خطاب بھی کیا، تقریب میں پورے امریکہ کے مسلمان ان سے ملنے آئے تھے اور اداکار بڑے جوش و خروش کے ساتھ سب مہمانوں سے ملے ۔ تقریب کے اختتام پر ایک میکسیکن جوڑے نے اسلام قبول کرنے کا اعلان کرتے ہوئے مشہور اداکار کی مدد سے قرآن پاک کی تلاوت بھی کی۔اسلام قبول کرنے کے بعد میکسیکن جوڑے نے کہا کہ ہم ترکی کے ڈرامے ارطغرل غازی اور اس ملک کی دنیا بھر میں انسانی خدمت کے اقدامات سے متاثر ہو کر اسلام قبول کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،میکسیکن جوڑے نے جب اسلام قبول کر لیا تو ترکی کے معروف اداکار نے جوڑے کو انگریزی اور ہسپانوی زبان میں قرآن پاک کا تحفہ دینے کے ساتھ ترکی کا جھنڈا بھی دیا۔