اسلا م آباد(صباح نیوز)اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ فرنینڈا اسپینوزا نے پاکستان اور بھارت پر زوردیا ہے کہ وہ باہمی کشیدگی کو ختم کرنے کیلئے کشمیر سمیت تمام تنازعات کو پرامن طریقے سے حل کریں،۔ ہفتہ کو سرکاری ریڈیو کو ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اس حوالے سے ذمہ داری بنتی ہے تاہم زیادہ اہم بات ہے کہ تنازعات کومتعلقہ فریقین سیاسی عزم اور تعمیری مذاکرات کے ذریعے حل کریں ۔انہوں نے تنازعات کے حل پر زوردیتے ہوئے کہاکہ یہ متاثرہ عوام کی زندگیوں میں آسانی لانے کیلئے بہت ضروری ہے ۔ماریہ فرنینڈا ایسپینوزا نے کہا کہ یہ دیکھ کر انھیں حوصلہ ملا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت پاکستان کے عوام کا مستقبل سنوارنے کیلئے کمربستہ ہے ، ملک درست سمت کی طرف گامزن ہے ، پاکستان ایسا خوبصورت ملک ہے جہاں دنیا کیلئے دیکھنے کے دلکش مناظر موجود ہیں ۔پاکستان میں خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر نے کہاکہ اعلی عہدوں پر کام کرنے والی متعدد خواتین میں انتہائی بہتری آئی ہے ۔ ملیحہ لودھی کا خصوصی طورپر ذکر کرتے ہوئے کہاکہ نیویارک میں ان کی ایک موثر آواز ہے ۔ماریہ فرنینڈا اسپینوزا نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا ایک مثالی کردارہے ، عالمی برادری نے اس کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کا اعتراف کیا ہے ، پاکستان افغان امن عمل میں انتہائی موثر کردارادا کررہا ہے جو پاکستان کیلئے بھی مفید ہے ۔ انہوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے غریب خواتین کو نقد امداد کی فراہمی کو بھی سراہاانہوں نے معاشرے کے محروم طبقوں خصوصا ًخواتین کوچھوٹے کاروبار اور مواقع کے ساتھ حقیقی معیشت سے جوڑنے کی ضرورت پر زوردیا ۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر نے کہاکہ بیس لاکھ افغان پناہ گزین اب بھی پاکستان میں رہائش پذیر ہیں۔انہوں نے امن واستحکام اور عالمی قوانین کے حوالے سے پاکستان کے عزم کی تائید کی ۔ایک سوال کے جواب میں ماریہ فرنینڈا نے واضح کیاکہ ہم دنیا بھر میں اقوام متحدہ کی امن کارروائیوں میں پاکستان کے کردارکا اعتراف اوراحترام کرتے ہیں۔ صدر ماریہ فرنینڈا اسپینوزا نے اس اعتماد کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان ہماری امن کی کارروائیوں کی حمایت جاری رکھے گا۔