لاہور،فیصل آباد،سیالکوٹ،شکرگڑھ(سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک ،تحصیل رپورٹر)مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے کہاہے عمران خان کے جانے کا وقت ہوا چاہتا ہے ،اگر نئے نظام کا تجربہ کیا گیا تو اس کا حشر 2007ء کی ایمر جنسی والا ہوگا، عینکیں لگانے سے کرتوت چھپ نہیں جاتے ، جو ہاتھ آپ کے سر پر تھے اب وہ نوازشریف کے پاؤں میں ہیں۔صدر مسلم لیگ (ن)شہباز شریف نے لاہور میں میڈیا سے گفتگواور بیان میں کہامیں عمران خان کیلئے ڈراؤنا خواب ہوں،ملکی تاریخ کی سب سے زیادہ مہنگائی اس وقت ہے ، یہ عمران خان نیازی اور ان کی حکومت کی بدترین غفلت اور کرپشن کا نتیجہ ہے ، لوگ کہتے ہیں میں عمران نیازی کو رات کو ڈراؤنے خواب کی طرح آتا ہوں۔تحریک عدم اعتماد باہمی مشاورت سے آئیگی۔اپوزیشن لیڈر نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں3 روپے لٹر مزید اضافہ کو ظلم اور غریب عوام کے خلاف معاشی دہشتگردی قرار دیااور کہاعالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے پر عوام کو ریلیف نہیں دیاگیالیکن اضافے پر خوب پھرتی دکھائی گئی،قیمتوں میں اضافہ بھی عمران نیازی کی طرف سے عوام پر ’’احسان‘‘کے انداز میں کیا جاتا ہے ۔ ناہلی، نالائقی اور کرپشن میں ڈوبی حکومت عوام کو مہنگائی کی دلدل میں ڈبو چکی ہے ۔مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے شکرگڑھ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نواز شریف کی واپسی کا فیصلہ ان کے معالجین کریں گے ، پاکستان میں کسی نئی چوٹ کوسہنے کی سکت اورنئے نظام کی گنجائش نہیں،وزیر کہتے ہیں کھاد اس لئے نہیں ملتی کہ زمیندار زیادہ کھاد استعمال کرتے ہیں،یہ کل کہیں گے چینی لوگ زیادہ کھا گئے اس لئے شارٹ ہے ، وزیروں کی منطق اور دلیلیں قوم کے شعور کا مذاق اڑا رہی ہیں، یہ ملکی معیشت اور طاقت کو تباہ کر رہے ہیں، ملک کو چکنا چور کر دیا گیا،ملک بچانے کے لئے زخمی حکومت کو سٹریچرپر ڈال کر نکالنا ہو گا،حکومت نے اپنی سرپرستی میں یوریا کھاد سمگل کرائی۔سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا نئے پاکستان کے خواب نے سب کچھ تباہ کردیا،ساڑھے تین سال قبل عوام کے ووٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا جس کے ا ثرات پوری قوم بھگت رہی ہے ،حکومتی پارٹی میں بہت زیادہ دراڑیں پڑ چکی ہیں ،پی ٹی آئی کے لوگ بھی عمران خان کی جان کو رو رہے ہیں،حکومت کے تمام ادارے عمران خان نے ہمارے خلاف استعمال کئے ،پی ٹی آئی کو اقتدار میں لانے والے بھی اپنے ہاتھ کاٹ رہے ہیں،عمران خان نے اپنے فنانسرز کو لوٹ مار کی کی کھلی چھٹی دی ہے اوروہ پوری قوم سے قیمت وصول کر رہے ہیں، ان کا بہت جلد اختتام ہوجائیگا، اس بار ہم اپنے مینڈیٹ کادفاع کرینگے ۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں شاہد خاقان عباسی نے کہا نواز شریف کا اپنا فیصلہ ہے ،کسی وقت بھی واپس آسکتے ہیں، ڈاکٹرز اور ہمارا مشورہ یہی ہے کہ وہ علاج کراکے آئیں۔ قومی سلامتی، ملکی نظام کو آئین کے مطابق کرنے کے بغیر نہیں ہوسکتی،حکومت ناکام ہو چکی ہے ، اس کو آپ سپورٹ کریں گے تو اور ناکامی ہی ملے گی۔وقت، ملک اورقومی سلامتی کی ضرورت یہ ہے کہ ملک میں شفاف انتخابات ہوں، عدم اعتماد کے حوالہ سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا، اس کو کب استعمال کرنا ہے اس حوالہ سے فیصلہ پی ڈی ایم کرے گی اورپیپلز پارٹی سے بھی مشورہ ہو گا۔فیصل آباد میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا مری سانحہ کے بارے میں شیخ رشید کا بیان کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف اورعمران خان کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے ،عمران خان کا چپڑاسی عمران خان کی سیاسی قبر کھودے گا، بیوروکریسی کی بہت ٹرانسفر ہوگئی اب عمران نیازی کی ٹرانسفر ہونے والی ہے ،شیخ رشید کا اپنی کالی عینک کی طرح سیاسی مستقبل بھی سیاہ ہوچکا۔ طلال چوہدری نے کہاجتنا مرضی تڑپیں اب نوازشریف اس جعلی حکومت کو ڈھیل نہیں دینگے ۔عینکیں اتاریں اور ملک کے حالات دیکھیں، غریب کی روٹی ہے نہ پاکستان کی عزت ،ان سے حکومت چلتی نہیں مگر زبان بہت چلتی ہے ۔