لاہور (سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے عمران خان کل تک بڑی باتیں کرتے تھے لیکن آج آئی ایم ایف کے دروازے پر سجدہ زیر ہو گئے ہیں۔لاہور میں افطارڈنر سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ نئی حکومت کے آنے کے بعد مسلسل مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے اورآئی ایم ایف نے بھی عوام کا خون چوسنے کی شرط پر قرضہ دینے کا وعدہ کیا ہے ۔سراج الحق نے آئی ایم ایف کی جانب جانے کو خودکشی قرار دیتے ہوئے کہا 7 سو ارب کے مزید ٹیکس لگانے کا حکم آئی ایم ایف نے دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد عوام کو سوائے مہنگائی کے اور کچھ نہیں ملے گا۔ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی آئی ایم ایف سے معاہدے اور کرنسی کی قدر میں کمی کو مسترد کرتی ہے ۔امیر جماعت اسلامی نے کہا بند کمروں میں ہونے والے فیصلوں کو مسترد کرتے ہیں، تمام معاہدوں کو اسمبلی اور سینیٹ میں پیش کیا جائے ۔