لاہور،اسلام آباد(نامہ نگار،صباح نیوز) وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے عمران خان نے نوازشریف کوڈھیل دے کرگیندان کے کورٹ میں پھینک دی،آئندہ چند روز تک آصف زرداری کی طرف سے پلی بارگین کے بعد پیسے ملنا شروع ہو جائیں گے ۔ اگلے تین چاہ ماہ میں زرداری کے تمام کیس پلی بارگین کے نتیجے میں ختم کر دیئے جائیں گے ، زرداری بڑے دل کا آدمی اور اپنے دوستوں کے ساتھ ملکر کھانے کا عادی مگر شریف خاندان کنجوس ہے ،انکے کفن میں بھی جیبیں لگی ہوئی ہیں،ڈیل کا الزام لگانے والوں کے ساتھ نہیں ہوں، نواز شریف ضمانت پرہیں، ان کے کیسز ختم نہیں ہوئے ، کہا تھاملکی سیاست میں نومبر، دسمبر اور جنوری اہم ہیں، شہباز شریف بھی نواز شریف کیساتھ جائیں گے ، مریم نہیں جا رہیں،کئی بار کہ چکاشہباز شریف میری پارٹی کے آدمی اور وکٹ کے دونوں طرف کھیلتے ہیں۔ فضل الرحمان کی سیاست کو جنہوں نے کیش کرناتھا کرلیا،مولانا لاشوں کی سیاست کرنا چاہتے ہیں،اب میڈیا کی سیاست ہے ، کل میڈیا فضل الرحما ن کو دکھانا بند کر دے پرسوں دیکھیں دھرنے میں کیا صورتحال ہو گی۔پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا زرداری، شہبازشریف اور خورشیدشاہ کے کیسزسیریس ،یہ پلی بارگین سے حل ہونگے ،پیپلزپارٹی اور ن لیگ نئے انداز میں سیاست کرنے جا رہی ، بچے یہاں رہ جائیں گے بڑا کوڑا کباڑ ملک سے باہر جا رہا ہے ،ایک ایمبولینس قطرمیں تیار کھڑی ہے ،اس معاشر ے میں کوئی بڑے آدمی کوجیل میں نہیں رکھ سکتا،بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے سے بھارت کے ٹکڑے ہو جائیں گے ، مودی نے بھارت کی تقسیم کی بنیاد رکھ دی ہے ، بھارت میں ایک نیا پاکستان بننے کی گنجائش پیدا ہوگئی ہے ،ہندو بڑی دور کی سوچتا ہے ، انہوں نے کرتارپور راہداری کھولنے کے حوالہ سے سکھوں کو کائونٹر کرنے کے لئے اسی روز بابری مسجد کیس کا فیصلہ رکھا۔سانحہ تیز گام کی تمام نعشوں کا ڈی این ہوگیا،دو فیملیزکے رہ گئے ، 19 افسروں کومعطل کیا،مختلف ٹرینوں میں چھاپے مارے ، لوگوں نے بستروں میں چولہے چھپارکھے تھے ، لوگ لڑتے ہیں کیونکہ وہ زیادہ اور گارڈ اکیلا ہوتاہے ،ہم نے پولیس کو اختیارات دیئے ہیں تاکہ وہ ایسے افرادکیخلاف پرچہ دے سکیں۔