اسلام آباد(غلام نبی یوسف زئی)عمر قید کی سزا تاحیات ہے یا پچیس سال ،معاملے پر سپریم کورٹ کا 7 رکنی لارجربنچ بدھ کو سماعت کرے گا۔چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے عمر قید کی سزا کا دورانیہ ا ور اس ضمن میں موجود قانونی بحث کو طے کرنے کیلئے 7 رکنی سپیشل لارجر بنچ تشکیل دیدیا ہے جو دو اکتوبر کو معاملے کا جائزہ لے گا۔لارجر بنچ کی سربراہی چیف جسٹس خود کریں گے جبکہ باقی ارکان میں جسٹس منظور احمد ملک،جسٹس سردار طارق مسعود،جسٹس فیصل عرب،جسٹس مظہر عالم ،جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس قاضی محمد امین شامل ہیں۔اس ضمن میں اٹارنی جنرل، چاروں صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز سمیت دیگر متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کر دئیے گئے ہیں۔