اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے چیف آپریٹنگ آفیسر فیس بک شیرل سینڈ برگ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ہم لاکھوں لوگوں کی زندگی کو بہتر بنانے کے مشترکہ مقصد کے لئے مل کر کام کر رہے ہیں۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا سیل کے مطابق یہ بات وزیر اعظم عمران خان نے چیف آپریٹنگ آفیسر فیس بک شیرل سینڈ برگ کے فیس بک پر ایک پیغام کے جواب میں کہی ہے ۔ اس سے قبل چیف آپریٹنگ آفیسر فیس بک شیرل سینڈ برگ نے وزیراعظم عمران خان کے آفیشل فیس بک پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان کی تعریف کی اور ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے ساتھ شراکت داری پر آپ کی شکرگزار ہوں، ہم پاکستان میں کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں لوگوں کی مدد، معلومات کی بروقت اور درست فراہمی کے لئے مل کر کام کر رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے اس پیغام کا جواب دیتے ہوئے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر لکھا آپ کی ٹیم کے نمایاں کام اور آپ کے تعاون کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق فیس بک اور واٹس ایپ کے ذریعے کورونا وبائکے دوران اقدامات سے متعلق موثر، درست اور بروقت معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان اور فیس بک کی چیف آپریٹنگ آفیسر شیرل سینڈ برگ نے رواں سال ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر ملاقات کی تھی ۔