جنوبی وزیر ستان ( مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی )مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ اگر عمران خان کشمیر کا الیکشن جیت گئے تو ہم دھاندلی زدہ نتائج قبول نہیں کریں گے ۔جنوبی وزیرستان میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر میں ریفرنڈم کی بات کرکے اقوام متحدہ کی قراردادوں، پاکستان اور کشمیریوں کے 70 سالہ موقف سے غداری کی ہے ، ہم نے پہلے کہہ دیا تھا کہ عمران خان نے کشمیر پر سودا بازی کردی اور یہ بیان ہمارے موقف کا ثبوت ہے ، قبائلیوں کا انضمام تو کردیا گیا لیکن اب اسلام آباد میں بیٹھے لوگوں کو سمجھ نہیں آرہی کہ کرنا کیا ہے ، قبائل میں نہ پرانا قانون ہے اور نہ نئے قانون کو سمجھا جارہا ہے ، مردم شماری میں قبائلیوں کے بھی ساتھ دھاندلی کی گئی، ہمیں ایسی مردم شماری قبول نہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ قبائل کو الگ صوبہ بنایا جائے ۔حکمران کہتے ہیں عوام ٹیکس نہیں دیتے ، تمہارے جیسے آدمی کو عوام ٹیکس کیوں دیں، عمران خان جعلی اور ڈمی وزیراعظم ہیں۔