فیصل آباد (سپیشل رپورٹر) دی یونیورسٹی آف فیصل آباد نے اپنے اعلیٰ معیار تعلیم اورطلبا وطالبات کی بہترین تربیت کی بدولت پاکستان کی نجی جامعات میں پہلی جب کہ مجموعی طور پرچوتھی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے دنیا کی بہترین 500 یونیورسٹیوں میں شامل ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا،اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے ٹائمز ہائرایجوکیشن نے دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں کی رینکنگ جاری کردی ہے ۔اس حوالے سے یونیورسٹی کے ہیلتھ سائنسز کیمپس میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں یونیورسٹی کے چیئرمین بورڈ آف گورنرز محمد حیدر امین ، قائمقام ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد خلیق الرحمٰن، ایڈیشنل رجسٹرار مس زاہدہ مقبول ، فیکلٹی و سٹاف ممبران نے شرکت کی۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے محمد حیدر امین نے فیکلٹی و سٹاف ممبران کو اس اہم کامیابی پر مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی اس رینکنگ کے مطابق عالمی معیار کے ایک بہترین تعلیمی ادارے کو جن اصول وضوابط کا خیال رکھنا چاہیئے دی یونیورسٹی آف فیصل آباد نے وہ تمام اصول وضوابط پورے کئے ، یہاں طلبا و طالبات و سٹاف ممبران میں کسی قسم کا صنفی امتیاز نہیں ، اعلیٰ معیار تعلیم کے ساتھ ساتھ طلباء و طالبات کی اچھی صحت اور ان کی تربیت کا بھی خاص خیال رکھا جاتا ہے ،یہاں معیار تعلیم میں جدت پائی جاتی ہے اور اعلیٰ مقاصد کے حصول کیلئے شاندار شراکت داری بھی دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کا خاصہ ہے ۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد خلیق الرحمٰن اور مس زاہدہ مقبول نے بھی اپنے خطاب میں فیکلٹی ممبران و سٹاف کو مبارکباد پیش کی او ر اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر یونیورسٹی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کیلئے کوشاں رہیں گے ۔اس موقع پر یونیورسٹی کے کوالٹی انہانسمنٹ سیل (QEC) کے ممبران و دیگر سٹاف ممبرا ن کو ان کی بہترین کارکردگی پر سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے ، تقریب کے اختتام پر شرکا کیلئے افطار ڈنر کا اہتمام بھی کیا گیا۔