لاہور،اسلام آباد،سیالکوٹ(سٹاف رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر،نیوز ایجنسیاں)مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے چینی انکوائری کمیشن رپورٹ پروزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب کے استعفے کا مطالبہ کردیا۔انہوں نے کہا عمران خان کو ذمہ دار نہ ٹھہرا کر رپورٹ میں سیاہ کو سفید ثابت کرنے کی کوشش کی گئی،عمران خان نے پہلے قومی خزانہ لوٹنے کی اجازت دی پھر کہاجنہوں نے لوٹا ہے ان کو گرفتارکرلو،عوام کا آٹا،چینی چوری کرنے کے تمام فیصلوں کی منظوری اورقوم کو لوٹنے کا لائسنس عمران خان نے دیا،وہ اب ذمہ داری کسی اور پر نہیں ڈال سکتے ۔ترجمان مسلم لیگ (ن)مریم اورنگزیب نے وزیراعظم سے چینی انکوائری کمیشن رپورٹ سے متعلق سوالات کرتے ہوئے کہا کمیشن بنانا، رپورٹ شائع کرنا سب عمران صاحب کو بچانے کا ایک سرکس اور نوٹنکی ہے ، فیصلوں کی منظوری عمران اور بزدار نے دی اور کرپشن شریف خاندان کی ملوں نے کر لی ؟، عمران خان نے بطور وزیراعظم چینی کی سبسڈی، برآمداور مقامی مارکیٹ میں چینی کی قیمت بڑھانے کی اجازت دی ،انہیں کمیشن میں کیوں نہیں بلایا گیا؟، عمران صاحب کا رپورٹ سے نام غائب کرنے سے جرم ثابت ہو گیا ،اگر نواز شریف بطور وزیراعظم قانون کے سامنے پیش ہو سکتے ہیں تو عمران صاحب کیوں نہیں ؟، خسرو بختیار کے بھائی سے پوچھ گچھ نہیں ہوئی کیونکہ ان کے پاس کوئی سیاسی عہدہ نہیں تو عمران صاحب بتائیں مریم نواز ، حسن ، حسین ، سلمان شہباز اور یوسف عباس کے پاس کون سا سیاسی عہدہ تھا ؟ ،مریم نواز شریف کے پاس کون سا سیاسی عہدہ تھا کہ انہیں دو مرتبہ سزائے موت کی چکی اور نیب کے عقوبت خانے میں رکھا گیا،شریف خاندان کی کسی مل نے ایک دھیلے کی چینی برآمد نہیں کی ، عمران خان کو بچانے کے لئے شہبازشریف کے نام کی پرچی ڈالی گئی۔سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا چینی سکینڈل کی رپورٹ میں عمران خان کو بچایا گیا اور کچھ لوگوں کو قربانی کا بکرا بنایا گیا، ہمارا اس رپورٹ سے قبل بھی یہی مطالبہ تھا کہ اس سکینڈل کے اصل سہولت کار وزیر اعظم عمران خان ہیں،رپورٹ کے اصل حقائق منظر عام پر آنے تک خاموش نہیں رہیں گے ۔عظمیٰ بخاری،ملک احمد خان ،رانا مشہود، پرویز ملک، خواجہ عمران نذیر اورعامر خان نے چینی انکوائری رپورٹ مسترد کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان،وزیراعلیٰ عثمان بزدار،اسد عمر اور زراق داؤد کیخلاف فوری مقدمات درج کرنے کا مطالبہ کردیا۔ اسلام آباد،لاہور (خصوصی نیوز رپورٹر،خصوصی نمائندہ، نیوز ایجنسیاں)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے پوری قوم جانتی ہے شوگر مافیا کا سب سے بڑا سرغنہ شریف خاندان ہے ۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں سینیٹر شبلی فراز نے کہادولت کی ہوس شریف خاندان کی سیاست کا محور رہا جس کے لئے انہوں نے اداروں کابے دردی سے استعمال کیا، انہوں نے سیاست کو کاروبار کیلئے استعمال کیا۔عمران خان کی سیاست غریب عوام کے حقوق کیلئے ہے جبکہ شریف مافیا نے ہمیشہ عوام کا استحصال کیا۔پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں اخبار فروشوں میں پاکستان بیت المال اور اپیل پاکستان کے زیر اہتمام راشن کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا غریب اور پسماندہ طبقہ کی بحالی وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے ، پاکستان مشکل دور سے گزر رہا ہے اور یہ وقت نکل جائے گا، آپ دیکھتے ہیں علی الصبح گرمی، سردی، بارش، طوفان میں آپ کے گھر اخبار پہنچتاہے ، اس کے پیچھے اس طبقہ کی نیند اور وقت کی قربانی ہوتی ہے ۔ انہوں نے سیکرٹری جنرل اخبار فروش یونین ٹکا خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ استقامت سے اخبار فروشوں کا مقدمہ لڑا ہے ،حکومت اخبار فروش طبقہ کے لئے جلد کیش پیکیج کی خوشخبری دے گی۔ادھروزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے لیگی رہنماؤں کے بیانات پر ردعمل میں کہا دراصل (ن)لیگ کو عید کے بعد شہباز شریف کی گرفتاری نظر آ رہی ہے ، عمران خان سے اپنے دائمی بغض سے مجبور (ن)لیگ چینی کمیشن کی رپورٹ سے کیڑے نکال رہی ہے ۔پاکستان میں پہلی دفعہ کسی میگاسکینڈل کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر لائی گئی ہے ، کیا ہی اچھا ہوتا اگر مسلم لیگ ن اس بات پر وزیرِ اعظم عمران خان کو خراجِ تحسین پیش کرتی۔ زرداری خاندان کے اومنی گروپ، مراد علی شاہ اور شہباز شریف نے آٹا چینی سکینڈل سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا، شہباز شریف نے حسب سابق چور بازاری اور دو نمبری میں پہلا نمبر حاصل کیا ، اس رپورٹ کے تناظر میں کرپٹ ٹولے کے برے دن آنے والے ہیں۔