لاہور(خبرنگارخصوصی)وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے آٹے اور چینی کے نرخوں میں خود ساختہ اضافے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے محکمہ خوراک اور انتظامیہ کو آٹا و چینی کے ذخیرہ اندوزوں او رناجائزمنافع خوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کاحکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ آٹے اورچینی کی قیمت میں خود ساختہ اضافہ کرنیوالوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ آٹے اورچینی کی دستیابی میں کسی قسم کاتعطل برداشت نہیں کروں گا۔ صوبہ بھر میں سرکاری نرخ سے زیادہ چینی او رآٹا فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے سینئر وزیرعبدالعلیم خان کو مراسلہ میں ہدایت کی کہ وہ ڈویژ نل ہیڈ کوارٹرز کے دورے کر کے آٹے و چینی کے سٹاک،سپلائی اورنرخوں کا جائزہ لیں اور اس ضمن میں ہفتہ وار رپورٹ وزیراعلیٰ آفس جمع کرائی جائے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے مون سون سیزن میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظرضروری حفاظتی انتظامات جلد مکمل کرنے کا حکم دیا ہے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سیکرٹری آبپاشی کو ہدایت کی کہ ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے منظور شدہ پلان کے تحت ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے ۔ ایس او پیز کے تحت پیشگی حفاظتی انتظامات اوردیگر ضروری انتظامات کوفی الفور حتمی شکل دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ آبپاشی سیلاب کے پیش نظر بھرپور منصوبہ بندی کے تحت انتظامات کرے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ سے وزیراعظم کے معاون خصوصی یوتھ افیئرز عثمان ڈار اورصوبائی وزیرایم اخلاق نے ملاقات کی جس میں ٹائیگرز فورس ڈے کے انعقاداور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 9 اگست کو صوبہ بھر میں ٹائیگرز فورس ڈے بھرپور طریقے سے منایا جائے گا۔ ٹائیگرز فورس ڈے پر پنجاب بھر میں شجر کاری مہم کی 520 تقریبات ہوں گی۔ عثمان ڈار نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ٹائیگرز فورس ڈے منانے کے حوالے سے کیے گئے انتظامات سے آگا ہ کیا۔