مکرمی !کروناوائرس کی وباء کے بعد حکومتی اعلانات اطمینان بخش ضرور مگر عملدرآمد کے متقاضی و منتظر ہیں۔مہنگائی مافیا نے عوام کا ناک میں دم کر رکھا ہے۔ذخیرہ اندوز اور ناجائز منافع خوروں پر ریاستی ڈنڈے کا بھر پور استعمال ناگزیر ہو چکا ہے۔کاروبار زندگی معطل ہونے کے باعث بیروزگاری کے بڑھتے ہوئے گراف اور ہنگامی صورتحال میں بھی ناجائز منافع خوری کی لت میں گرفتارتاجر اور عام دکاندار سپلائی میں تعطل کی بین سنا کر غریب اور سفید پوش صارفین کی جیبوں کا صفایا کر رہے ہیں جبکہ حکومت گڈز ٹرانسپورٹ پر پابندی نہ ہونے کا واضح اعلان کر چکی ہے۔یہاں یہ تجویز بے محل نہ ہوگی کہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کو نکیل ڈالنے کیلئے ایوب دور کے گورنر مغربی پاکستان نواب امیر محمد خاں کے سٹائل کو فالو کیا جائے ۔ حکومت ذخیرہ اندوزوں کے گودام قبضہ میں لے کر غریب و مستحق عوام میں تقسیم کر دے۔ (جاوید ذوالفقار)