نوڈیرو(نامہ نگار) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام تیار ہوجائیں، عنقریب اسلام آباد جانا ہوگا، اس سال کے آخر میں اس حکومت کا خاتمہ ہونا ہے ، کٹھ پتلی سرکار کو منہ توڑ جواب دیں گے ،وفاق کو بچانے کیلئے غیر جمہوری قوتوں سے مقابلہ کرنا پڑیگا،سندھ حکومت کوئی نہیں گراسکتا،حقوق کی بات کرنے والے کو غدار کہا جاتا ہے ، پیپلز پارٹی انکے سامنے کھڑے ہوکر مقابلہ کریگی، سندھ کا سودا کرنے والے کو کبھی برداشت نہیں کرینگے ،بھارتی پائلیٹ اورکسی دہشتگرد کا انٹرویو چل سکتاہے مگر زرداری کا نہیں،سب چینل چور ہیں،ریٹائرڈ ملازمین کو کیوں ٹرائل میں بٹھایا جاتا ہے ۔ گڑھی خدا بخش بھٹو میں منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ انتخابات سے کہتا آرہا ہوں کہ ہمیں غیرجمہوری قوتوں سے مقابلہ کرنا پرے گا، وفاق کو بچانا پڑے گا، کٹھ پتلی حکمرانوں کو ہٹانے کیلئے آپکی ضرورت ہے ۔ سندھ حکومت مضبوط ہے ، اس کو کوئی بھی نہیں گرا سکتا، انکی ہر کوشش کو ناکام کیا جائے گا، پہلے بھی زرداری نے 10سال سے زائد وقت جیل میں گزارا مگر اس کٹھ پتلی وزیر اعظم کے آگے سر نہیں جھکائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے بھٹو یا بے نظیر کا قافلہ چھوڑنا ہے تو جائو، غیر جمہوری، سندھ حکومت کے دشمن اور گڑھی خدابخش بھٹو کے دشمنوں کا ساتھ دینا چاہتے ہو تو آپ نے سندھ کے عوام کو جواب دینا اور الیکشن جیتنا پڑے گا، ہمارے تین وزیر اعلیٰ ہیں وہ مراد علی شاہ ہیں ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ انڈین پائلیٹ کا انٹرویو اور کسی دہشتگرد کا انٹرویو چل سکتا ہے مگر سابق صدر زرداری کا انٹرویو نہیں چل سکتا،ریٹائرڈ ملازمین کو کیوں ٹرائل میں بٹھایا جاتا ہے ، ملک کے تمام سیاسی حکمران جیل میں ہیں، اس لیے آج چیف جسٹس سے بھی کہتا ہوں کہ یہ احتساب کا عمل نہیں انتقام لگتا ہے ۔ کنونشن سے پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو ، پی پی رہنما مولا بخش چانڈیو نے بھی خطاب کیا۔