چیئرمین نیب کی ہدایت پر کورونا کے لئے فنڈ اکٹھا کرنے والے ارسلان نامی جعلی نیب افسر کو اوکاڑہ سے گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ملک کے مختلف حصوں سے متعدد ایسی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال میں بعض موقع پرست اور مفاد پرست عناصر نے ناموزوں حالات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لوگوں سے فنڈز اکٹھا کرنا شروع کر دیا ہے اور اس دوران ساٹھ ساٹھ روپے میں امداد کے فارم کی نقول فروخت کر رہے ہیں۔ تمام لوگوں کو آگاہ رہنا چاہیے کہ حکومت نے غریب لوگوں کو گھر گھر راشن پہنچانے اور ان کی مالی امداد کے لئے تمام اخبارات میں فارم مشتہر کئے ہیں جن کے ذریعے موبائل فون سے بذریعہ میسج اپنے تمام کوائف بھیجے جاتے ہیں ۔ان کوائف کی جانچ پڑتال کے بعد حکومت کی طرف سے رضا کار فورسز کے ذریعے رقوم اور راشن متعلقہ خاندان تک پہنچانے کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔ لہٰذا جو عناصر عوام کی مالی مشکلات کا استحصال کر کے اور جعلی فارموں کے ذریعے فنڈز بٹورنے کا مذموم دھندا کر رہے ہیں ‘عوام کو ان جعل سازوں سے الرٹ رہنا چاہیے۔ متعلقہ حکومتی اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو بھی اس طرف توجہ دینی چاہیے اور ایسے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کو نہ صرف پکڑا جائے بلکہ انہیں موقع پر ہی سزا دی جانی چاہیے تاکہ آئندہ کسی جعل ساز اور موقع پرست کوکورونا وائرس سے پریشان لوگوں کی مجبوریوں سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی جرأت نہ ہو سکے۔