اسلام آباد(خبرنگار خصوصی،این این آئی) وزیرقانون فروغ نسیم اور معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا سے فیس بک کے ریجنل ڈائریکٹر پبلک پالیسی رافیل فرانکیل نے وفد کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔ اس موقع پر معاون خصوصی صحت نے کہا کہ سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا نے انسداد پولیو پروگرام کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پولیو کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔ فیس بک کے تعاون سے ہم بہت جلد پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنادیں گے ۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے فیس بک پر منفی مواد کو بلاک کرنے اور تعاون کو سراہا ۔ریجنل ڈائریکٹر فیس بک نے کہاکہ پاکستان سے پولیو کے خاتمے کیلئے فیس بک کا تعاون جاری رہے گا۔ فیس بک کے وفد نے انسداد پولیو پروگرام کا بھی دورہ کیا۔وفد سے گفتگو میں وزیرقانون نے کہاکہ فیس بک پاکستان میں ہونے والی عوام دوست قانون سازی سے متعلق اطلاعات لوگوں تک پہنچانے کا ایک اہم ذریعہ ثابت ہو سکتی ہے ۔پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف بیرسٹر ملیکہ بخاری بھی ملاقات میں شریک تھیں۔رافیئل فرانکل نے کہاکہ فیس بک پاکستان میں محفوظ سماجی رابطوں کو یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے ۔انہوں نے کہا فیس بک نے پاکستان میں پو لیو ویکسینیشن مہم سے منسلک بے بنیاد اطلاعات کا بھرپور مقابلہ کر کے 4 کروڑ افراد کو درست معلومات فراہم کیں۔