لاہور،اسلام آباد،کراچی ،ملتان،ڈیرہ غازیخان، چمن،مظفرآباد ( جنرل رپورٹر ،نمائندہ خصوصی سے ، خصوصی نمائندہ، نامہ نگار خصوصی ، وقائع نگار ،سپیشل رپورٹر،سٹاف رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر ،بیورو رپورٹ، 92 نیوز رپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک ) ملک بھر میں کرونا وائرس کے 249 نئے کیس رپورٹ ہونے کے بعدمجموعی تعداد 749 ہوگئی۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا حکومت نے شاپنگ مال، مارکیٹیں، پارکس اور عوامی اجتماعات کے مقامات دو روز کیلئے بند کرنے کا اعلان کردیا ۔ہفتہ کو سندھ میں 144، پنجاب میں56 ،گلگت بلتستان میں 34، بلوچستان میں 10، خیبر پختونخوا میں 8 اور اسلام آباد میں ایک نیا کیس سامنے آیا ۔ ابتک سندھ میں 396، پنجاب152، بلوچستان104، خیبرپختونخوا 31، گلگت بلتستان55 ،اسلام آباد 10اور آزاد کشمیر میں ایک کیس رپورٹ ہو چکا ہے ۔پمز ہسپتال میں زیرعلاج تیسرے مریض نے بھی کرونا کو شکست دیدی۔ ا بتک ملک میں کرونا وائرس سے 3افراد ہلاک جبکہ پانچ صحتیاب ہو چکے ۔ لاہور سمیت پنجاب میں کرونا وائرس کے 56نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔وزیراعلی پنجاب نے اپنی ٹویٹ میں بتایاکہ پنجاب میں کرونامریضوں کے کنفرم کیسزکی تعداد152ہوگئی،120متاثرین تفتان سے آنے والے زائرین،21کاتعلق لاہور،3گجرات،ایک ملتان،2جہلم،راولپنڈی 1اور4کاتعلق گوجرانوالہ سے ہے ۔ محکمہ صحت کو مزید 1300پی سی آر کٹس موصول ہو گئیں۔ایک لاکھ سے زائد کرونا ٹیسٹ ہو سکیں گے ۔1200سے ڈاکٹروں ، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی جنرل ڈیوٹی لگا دی گئی ۔ لاہور ہائیکورٹ کے دو ملازمین مشتبہ مریض نکل آئے ۔ اطلاع ملنے کے چند منٹ بعد ہی عدالت خالی ہو گئی۔ چیف جسٹس کی ہدایت پر ہائیکورٹ کی عمارت میں میں کلورین سپرے کر دیا گیا۔قرنطینہ سے نشتر ہسپتال منتقل75 سالہ خاتون ناہید انجم میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی، خاتون کو طیب اردوان ہسپتال مظفر گڑھ منتقل کر دیا گیا۔ اسلام آباد میں مشتبہ مریض حالت بگڑنے سے میٹرو بس سیڑیوں میں ہی نڈھال ہوگیا جسے پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔پیرس سے آئے دو مشتبہ مسافروں کو پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے کروناوائرس کے مریضوں کوسرکاری ونجی ہسپتالوں کے درمیان ممکنہ حوالگی اور علاج کیلئے ہدایات جاری کردیں۔کمیشن نے ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی سہولیات کاتفصیلاً جائزہ لیا ہے اور خامیاں فوراًدور کر نے کے احکامات بھی دیدیے ۔ صوبہ بھر کی وقف مساجد سے قالین اور صفیں اٹھا دی گئی ہیں اور مساجد کے فرش کو ہر نماز سے قبل جراثیم کش محلول سے دھویا جا رہا ہے ۔ملک بھر میں تمام تر واپڈا ہسپتالوں کی او پی ڈیز کو غیر معینہ مددت کیلئے بند کر دیا گیا۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق 2700 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ، تفتان سے سکھرآنے والے 255زائرین میں کروناکی تصدیق ہوگئی،کراچی میں مریضوں کی تعداد 101،ایک حیدرآبادمیں رپورٹ کیاگیا، حیدرآبادکاایک،کراچی میں 2مریض صحتیاب ہوچکے جبکہ ایک جاں بحق ہوا۔سندھ میں لوکل ٹرانسمیشن کیسزکی تعداد60ہے ۔ڈیرہ غازیخان میں موجود 74زائرین میں کروناوائرس کی تصدیق ہوچکی جبکہ 238افراد کے ٹیسٹ کلئیر قراردئیے گئے ۔ 34زائرین کی رپورٹس کومزید تشخص کیلئے روکدیاگیا۔ کلئیر قرار 238 افراد کو قرنطینہ سنٹر سے منتقل کر دیا گیا۔اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی جانب سے ایک سفارتکار میں کرونا وائرس کی تصدیق کر دی گئی جبکہ ایک اور اہلکار میں وائرس کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے ۔ترجمان امریکی سفارتخانے کیمطابق سفارتی اہلکار کا نام اور دیگر معلومات پرائیویسی پالیسی کے تحت ظاہر نہیں کی جا سکتیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف اور چیئرمین نیشنل ڈزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا پاکستان میں کرونا وائرس کے 4ہزار سے زائد مشتبہ مریض ہیں جن میں سے 664 گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران رپورٹ ہوئے ۔نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ تمام وزراء اعلیٰ نے اس بات پر اتفاق کیا ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ ملک کے مختلف علاقوں میں اس وقت 3 ہزار 378 افراد قرنطینہ مراکز میں موجود ہیں۔ ملک میں وینٹی لیِٹرز سمیت دیگر سہولیات کے فقدان پر کام جاری ہے ،24 گھنٹوں میں تمام داخلی راستوں پر 13991 مسافروں کی سکریننگ کی گئی۔ شہری چھٹیوں میں ایک دوسرے سے دور رہنے کی مشق کریں۔ معید یوسف نے کہا حکومت نے 2 ہفتوں کیلئے بین الاقوامی فضائی آپریشن بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پی آئی اے کی جو پروازیں پاکستان سے باہر ہیں ان کو واپس آنے کی اجازت ہوگی۔ جب فضائی آپریشن دوبارہ بحال ہوگا تو کرونا وائرس کے ٹیسٹ کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہوگی۔ گزشتہ روز کی میٹنگ میں شہروں کے لاک ڈاؤن کا فیصلہ نہیں ہوا۔ فیک نیوز اور سوشل میڈیا کی خبروں پر یقین نہ کریں۔چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا تھا این ڈی ایم اے کے تحت بننے والے قرنطینہ میں ایک کمرہ اور ایک واش روم ہوگا۔ صوبوں کو قرنطینہ کا نظام بہتر بنانے کا مشورہ دیا ہے ۔ سرحدی شہروں میں قرنطینہ بنانے کیلئے مختلف ہوٹلوں کی بکنگ کی جارہی ہے ۔کرونا سے متعلق سامان پر درآمدی ٹیکس ختم کردیا گیا ہے ۔چین سے کل 10 سکینرز اور20 ہزار کٹس پاکستان پہنچ گئی ہیں جبکہ 100 وینٹی لیٹرز اگلے پانچ دن میں پاکستان پہنچ جائیں گے ۔ اگلے 10 سے 12 دن میں 80 ہزار کے قریب ٹیسٹنگ کٹس مل جائینگی۔ بعدازاں پی آئی اے نے 4اپریل تک بین الاقوامی پروازیں منسوخ کردیں۔ترجمان پی آئی اے کاکہناہے حکومت کی ہدایات کے مطابق پی آئی اے نے تمام بین الاقوامی پروازیں منسوخ کردیں۔ پابندی کے دوران صرف سفارتی یا خصوصی کارگو طیارے ہی پاکستان میں آسکیں گے ۔ پاکستان آنے والی یومیہ 250پروازیں منسوخ ہوجائینگی،2لاکھ 40ہزارمسافروں کی پاکستان آمدورفت 2ہفتے کیلئے معطل رہیگی،2ہفتوں کے دوران 3500پروازیں منسوخ ہونگی،33لاکھ60ہزارمسافروں کی پاکستان آمدورفت معطل رہیگی۔پاک افغان بارڈرکو جذبہ خیر سگالی کے تحت تجارت کیلئے کھول دیا گیا۔اشیائے ضروریہ سے بھرے درجنوں ٹرک افغانستان چلے گئے ۔ پاک افغان سرحد پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ۔ میو ہسپتال انتظامیہ نے تمام ملازمین کی چھٹیاں بند کر دیں ۔ ڈے آف بھی منسوخ کر دیے گئے ۔یونیسف نے پاکستان میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کیلئے 14 میٹرک ٹن حفاظتی سامان دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سامان میں تھرمامیٹر، ماسک، دستانے اورگاؤن شامل ہیں ۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ہفتہ کی رات 9 بجے سے منگل صبح 9 بجے تک شاپنگ مال، مارکیٹیں، پارکس اور عوامی اجتماعات کے مقامات بند کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ وزیراعلیٰ آفس میں کرونا کے خاتمے کیلئے قائم کیبنٹ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلوں اور ویڈیو لنک کے ذریعے میڈیا بریفنگ سے متعلق وزیر اعلی پنجاب نے کہاصوبے میں مکمل لاک ڈاؤن کی صورتحال نہیں ہے ۔ مارکیٹیں، پارکس اور عوامی اجتماعات کے مقامات منگل کی صبح 9 بجے تک بند رکھے جائیں گے تاہم دودھ، دہی، کریانہ وغیرہ کی دکانیں، مٹن، چکن شاپس، پٹرول پمپس، فارمیسی، بیکریاں، نان شاپس، تنور، فروٹ اور سبزی منڈیاں اور شاپس کھلی رہیں گی۔ہوٹل اور ریسٹورنٹس سے ٹیک اوے سروس جاری رہے گی۔پنجاب میں ٹرانسپورٹ بندنہیں کی جائے گی تاہم عوام غیر سفر سے گریز کریں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا عوام 2دن تک گھروں میں رہیں اور اہلخانہ کو محفوظ رکھیں۔ یہ لاک ڈاؤن نہیں بلکہ سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کیلئے فیصلہ کیا گیا ہے ۔بعدازاں محکمہ داخلہ نے صوبہ بھر میں جزوی ’’سوشل ڈسٹنس‘‘ کے احکامات جاری کر دئیے ۔ وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت ٹاسک فورس کے اجلاس میں کہا گیا کیسز ظاہر ہونے کی شرح یہی رہی تو آئندہ ہفتے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا جائے گا۔، وزیراعلیٰ نے ایک بار سندھ کے عوام پر زور دیا کہ وہ گھروں تک محدود رہیں۔وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کو اگلے تین روز کے اندر 1500 ڈاکٹرز اور 500 تکنیکی ماہرین کی بھرتی کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ سندھ نے ایکسپو سنٹر کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ ذرائع کے مطابق لاک ڈاؤن کااطلاق آج رات 12 بجے سے کیاجاسکتاہے ۔وزیراعلیٰ سندھ نے قانون نافذ کرنے والے حکام کواعتمادمیں لے لیا۔ گورنرہائوس کراچی 2ہفتے کیلئے بندکرنے کااعلان کردیاگیاجبکہ عملے کوبھی چھٹی پربھیج دیاگیا۔وزیر اعلیٰ جام کمال نے بھی شہریوں سے خود کوگھروں تک محدود رکھنے کی اپیل کر دی ۔اپنے ویڈیو پیغام میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا آئسولیشن وارڈ صرف زائرین کیلئے نہیں سب کیلئے ہیں ۔آزادکشمیر حکومت نے پاکستان سے آنے والی بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ تین روز کیلئے معطل کردی۔ خیبر پختونخوا میں بھی منگل کی صبح 9بجے تک تمام مارکیٹیں ، ریسٹورنٹس اور شاپنگ مال بند رہیں گے ۔حکومت نے اعلامیہ جاری کر دیا ۔مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر نے پریس کانفرنس میں بتایا وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے جس کی نگرانی وزیراعلیٰ کر رہے ہیں۔صوبے میں شادی ہال، اتوار بازار اور مویشی منڈیاں بند رہیں گی جبکہ 5 اپریل تک تمام ریسٹورنٹس پر بیٹھ کرکھانا نہیں کھا سکتے وہاں سے لے جاسکتے ہیں۔